جنوبی سوڈان میں لڑائی 130 باغی ہلا ک ،جھڑپیں تیل کی دولت سے مالا مال شمالی ریاست النیل کے رنک شہر میں ہوئیں

بدھ 18 مارچ 2015 10:03

جوبا(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18 مارچ۔2015ء)جنوبی سوڈان کی حکومت کا کہنا ہے کہ ملک میں جاری خانہ جنگی کے خاتمے کے حوالے سے جاری مذاکرات کی ناکامی کے بعد متحارب جنگجوؤں میں لڑائی دوبارہ شروع ہوگئی ہے۔ تازہ جھڑپوں میں کم سے کم 130 باغی ہلاک ہوچکے ہیں۔جوبا حکومت کے ترجمان فیلپ اگیر نے میڈیا کو بتایا کہ باغیوں کے ساتھ جھڑپیں تیل کی دولت سے مالا مال شمالی ریاست النیل کے رنک شہر میں ہوئیں۔

(جاری ہے)

ترجمان نے بتایا کہ باغیوں نے رنک شہر میں حکومتی تنصیبات پرحملے کیے تاہم فوج نے باغیوں کا حملہ پسپا کرتے ہوئے کم سے کم ایک سو تیس جنگجو ہلاک کردیے۔ لڑائی میں جنوبی سوڈان کی فوج کے 14 اہلکار بھی ہلاک ہوئے ہیں۔انسانی حقوق کی تنظیموں کاکہنا ہے کہ جھڑپیں جنوبی اور شمالی سوڈان کی سرحد پر ہوئی ہیں تاہم ان کی مزید تفصیل سامنے نہیں آسکی۔ خیال رہے کہ جنوبی سوڈان میں دسمبر 2013ء کے بعد سے مسلسل خانہ جنگی جاری ہے۔ جنوبی سوڈان کے صدر سلفاکیر اور ان کے ایک سابق منحرف نائب صدر ریاک مشار کے حامیوں کیدرمیان مسلسل کشمکش جاری ہے جس میں پچھلے دو سال میں ہزاروں کی تعداد میں لوگ ہلا اور زخمی ہوچکے ہیں۔