چوہدری نثار سے شہباز شریف کی ملاقات ، 2 نوجوان کو زندہ جلانے والوں کیخلاف سخت کارروائی کا فیصلہ،قومی املاک کو نقصان پہنچانے اور کوتاہی کے مرتکب پولیس افسران کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی ،دونوں رہنماؤں میں اتفاق

جمعرات 19 مارچ 2015 08:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19 مارچ۔2015ء) وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان سے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے ملاقات کی جس میں یوحنا آباد کے گرجا گھروں میں خود کش حملے ،2 نوجوانوں کو زندہ جلانے اور قومی املاک کو نقصان پہنچانے کے حوالے سے امورپر تبادلہ خیال کیا گیا اوریہ فیصلہ کیا گیا کہ قانون کو ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

(جاری ہے)

بدھ کے روز اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری اور وزیراعلیٰ میاں شہباز شریف کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں لاہور میں چرچ کے قریب خودکش حملوں کے بعد پیدا ہونے والی صور تحال ،دونوجوانوں کو زندہ جلانے اور قومی املاک کو نقصان پہنچانے جیسے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ،اس موقع پر وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ یوحنا آباد کا واقعہ قابل مذمت ہے اس سے بڑی دہشت گردی دونوجوانوں کو زندہ جلانا تھا اس واقعہ میں ملوث افراد کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی،ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ لاہور واقعہ میں پولیس افسران کوتاہی کے مرتکب پائے گئے تو ان کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی،وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ بم دھماکوں کی آڑ میں 2 نوجوانوں کو زندہ جلا دیا گیا اور قومی املاک کو سخت نقصان پہنچایا گیا ہے ،واقعہ میں ملوث ملزموں کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لائیں گے اور ان کا مقدمہ فوجی عدالتوں میں بھیجا جائیگا