وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اہم اجلاس،سفارتکاروں،وفاقی وزراء اوراعلی حکام کی شرکت،وفاقی اورپنجاب حکومتوں کی طرف سے گیس سے بجلی پیدا کرنے کے 3600میگاواٹ کے تین منصوبے لگانے کا فیصلہ، منصوبے شیخوپورہ ،قصور اورجھنگ کے اضلاع میں لگائے جائینگے،2400میگاواٹ کے منصوبوں کیلئے وفاقی اور1200میگاواٹ کیلئے صوبائی حکومت وسائل فراہم کرے گی،وزیراعظم کی قیادت میں توانائی بحران ،دہشتگردی کے خاتمے اورمعیشت کی بحالی کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے جارہے ہیں:شہبازشریف

جمعرات 19 مارچ 2015 09:00

اسلام آباد/لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19 مارچ۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت آج اسلام آباد میں توانائی کے منصوبوں کے حوالے سے اہم بریفنگ اجلاس ہوا۔جس میں وفاقی اورپنجاب حکومتوں کی طرف سے گیس سے بجلی پیدا کرنے کے 3600میگاواٹ کے تین منصوبے لگانے کا فیصلہ کیاگیا۔یہ منصوبے شیخوپورہ کے علاقے بھیکی،قصور کے علاقے بلوکی اورجھنگ کے علاقے حویلی بہادرشاہ میں لگائے جائیں گے۔

2400میگاواٹ کے دو منصوبوں کیلئے وفاقی حکومت جبکہ1200میگاواٹ کے ایک منصوبے کیلئے پنجاب حکومت وسائل فراہم کرے گی۔اجلاس میں چین،ترکی،اٹلی،سپین اوریونان کے سفیروں کے علاوہ کینیڈا،جنوبی کوریااورجاپان کے کمرشل قونصلروں نے شرکت کی ۔ وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں توانائی بحران کو تیزرفتاری سے حل کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔

(جاری ہے)

حکومت توانائی کی کمی کے مسئلے سے نمٹنے ،معیشت کی بحالی اوردہشت گردی کے خاتمے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کام کررہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ عوام کو لوڈ شیڈنگ سے نجات دلانے،زرعی اورصنعتی شعبہ کیلئے بجلی کی فراہمی کی غرض سے 2017ء تک توانائی کے منصوبے مکمل کریں گے۔ملک سے بجلی کا بحران مستقبل بنیادوں حل کرنے کیلئے سنجیدگی سے آگے بڑھ رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ کوئلے ،سولر،ہائیڈل سمیت تمام ذرائع سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں پر کام کررہے ہیں۔دوست ممالک کی طرف سے توانائی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کا خیر مقدم کیا جائے گا۔سرمایہ کاروں کو تمام ممکنہ سہولتیں اوران کی سرمایہ کاری کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ چین کی جانب سے کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں میں سرمایہ کاری اورتعاون قابل تحسین ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بتایا کہ ابوظہبی میں پاکستان کے سفارتخانے میں بریفنگ اجلاس منعقد کیا جائے جس میں گیس سے بجلی پیدا کرنے والی بین الاقوامی فرموں اور کمپنیوں کوتوانائی کے منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی جائے گی۔ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار،وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف، وزیراعظم کے معاو ن خصوصی برائے امور خارجہ طارق فاطمی،وزیراعظم کے ایڈیشنل سیکرٹری ،وفاقی سیکرٹری پانی و بجلی اورمتعلقہ حکام بھی اجلاس میں شریک تھے۔

چین کے سفیر سن ویڈانگ(Mr.Sun Weidong)،ترکی کے سفیرصادق بابرجرجن(Mr.Sadik Babur Girgin)،اٹلی کے سفیرایڈریانو چیوڈی سائنفرانی(Mr.Adriano Chiodi Cianfarani)،سپین کے سفیرجے وےئرایم کارباجوسا(Mr.Javir M.Carbajosa) اوریونان کے سفیرڈیمیٹریز زولٹاس (Mr.Dimitrios Zoltas) اجلاس میں موجود تھے ۔