صولت مرزا کے ویڈیو پیغام کے بعد حکومت کا پھانسی کی مدت میں توسیع کرنے پرغور ،تفتیش کا دائرہ بڑھانے کا فیصلہ ، تفتیش مکمل ہونے تک پھانسی بھی نہیں دی جائے گی،ذرائع

جمعہ 20 مارچ 2015 09:25

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20 مارچ۔2015ء) سینٹرل جیل مچھ میں پھانسی کے منتظر قیدی صولت مرزا کے ویڈیو پیغام کے بعد حکومت نے پھانسی کی مدت میں توسیع کرنے پرغورشروع کردیا ہے صولت مرزا کے انکشافات اور ویڈیو پیغام کے بعد حکومت صولت مرزا کی پھانسی کی میعاد میں توسیع پرغورکررہی ہے ذرائع کے مطابق حکومت نے صولت مرزا کے ویڈی وبیان کے بعد تفتیش کا دائرہ بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے اور تفتیش مکمل ہونے تک صولت مرزا کو پھانسی بھی نہیں دی جائے گی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق صولت مرزا کے اعترافی بیان پر باقاعدہ تحقیقات کا آغاز ایک دو روز میں کیا جائے گا۔صولت مرزا نے اپنے بیان میں دوران تفتیش تعاون کرنے کا یقین دلایا تھا، صولت مرزا کے اہم رازوں سے پردہ اْٹھانے پرتحقیقاتی اداروں کے لئے بھی ایک نیا پنڈورا باکس کھل گیا۔بیان پر تحقیقات کے بعد مجسٹریٹ کے سامنے صولت مرزا کا بیان دوبارہ لیا جائے گا، صولت مرزا کا ویڈیو بیان برطانوی حکومت کے بھی حوالے کردیا گیا ہے۔وفاقی وزارت داخلہ نے صولت مرزا کے لئے نئی تحقیقاتی کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے جو مجرم کے بیان پر تحقیقات کرے گی۔