مقبوضہ کشمیر میں پولیس اسٹیشن پر عسکریت پسندوں کا حملہ‘3 بھارتی فوجیوں سمیت 6 افراد ہلاک‘بھارتی فورسز نے علاقے گھیرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کردیا

ہفتہ 21 مارچ 2015 08:55

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21 مارچ۔2015ء) مقبوضہ کشمیر میں پولیس اسٹیشن پر عسکریت پسندوں کے حملے میں 3 فوجیوں سمیت 6 افراد ہلاک ہو گئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع کٹھوا میں عسکریت پسندوں نے راج باغ پولیس اسٹیشن پر حملہ کردیا۔ عسکریت پسندوں نے پہلے پولیس اسٹیشن کے باہر کھڑے ایک اہلکار ہلاک کیا اور پھر عمارت میں گھس کر فائرنگ شروع کردی۔

جس کے نتیجے میں3 اہلکاروں سمیت مزید 6 افراد ہلاک ہوگئے۔

(جاری ہے)

بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے جوابی کارروائی میں 2 حملہ آوروں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ جبکہ حملے میں ایک راہگیر بھی مارا گیا۔ آئی جی پولیس جموں دنیش رانا نے بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ حملہ آور فوجی وردی میں ملبوس تھے جنہوں نے جموں اور پٹھان کوٹ کی جانب جانے والی ایک جیپ کو تلاشی کے بہانے اپنے قبضے میں لے لیا۔ جس میں سوار ہوکر وہ پولیس اسٹیشن پہنچے جہاں انہوں نے حملہ کردیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق واقعے کے بعد بھارتی فورسز نے علاقے کو فوری طور پر گھیرے میں لے لیا اور سرینگر شاہراہ کو عارضی طور پر ٹریفک کیلئے بند کر دیا۔

متعلقہ عنوان :