کراچی، پولیس مقابلے میں کالعدم تنظیم کا اہم کمانڈر دو ساتھیوں سمیت ہلاک، چار دہشت گرد فرار ، بھاری اسلحہ و بارودی مواد برآمد

پیر 23 مارچ 2015 09:11

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23 مارچ۔2015ء) کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان مقابلے کے نتیجے میں کالعدم تحریک طالبان کا اہم کمانڈر دو ساتھیوں سمیت ہلاک ہوگیا جبکہ چار دہشت گرد فرار ہوگئے ،بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارودی مواد برآمد۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اتوار کے روز کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں پولیس نے دہشت گردوں کے ٹھکانے پر چھاپہ مارا۔

جس پر دہشت گردوں نے پولیس پر دستی بم سے حملہ کردیا۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں کالعدم تنظیم کا اہم کمانڈر قدرت الله دو ساتھیوں سمیت مارا گیا ہے ایس ایس پی راؤ انوار کے مطابق پولیس مقابلے میں انتہائی سنگین وارداتوں میں ملوث دہشت گرد کالعدم تنظیم کا اہم کمانڈر قدرت الله دو ساتھیوں سمیت مارا گیا ہے جبکہ تحریک طالبان کے چار کارندے پولیس مقابلے کے دوران موقع سے فرار ہوگئے ہیں ہلاک ہونے والے تینوں افراد کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے ہے جبکہ دہشت گردوں کے ٹھکانے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارودی مواد برآمد ہوا ہے۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی راؤ انوار کے مطابق قدرت الله تحریک طالبان کا اہم کمانڈر تھا اور پشاور پولیس کو کئی وارداتوں میں مطلوب تھا جبکہ دیگر دہشت گردوں کی تلاش میں مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔