ورلڈکپ میں شکست خوردہ قومی کرکٹ ٹیم کی ٹکڑوں میں واپسی،شاہد آفریدی، سرفراز احمد اور سہیل خان وطن واپس پہنچ گئے، سخت سیکیورٹی میں ایئرپورٹ سے باہرلایا گیا، بعض شائقین نے استقبال بھی کیا،کپتان مصباح الحق،وہاب ریاض، احمد شہزاد،عمراکمل اور حارث سہیل سمیت دوسرے کھلاڑی (کل ) صبح لاہور پہنچیں گے، ہم نے آپ کیلئے ورلڈ کپ میں بہت کوشش کی ،کامیاب نہ ہوسکے، اہم ترین کیچ ڈراپ کرنیوالے راحت علی سے کوئی شکایت نہیں، دباوٴ سے بھرپور میچز میں کیچز ڈراپ ہوجاتے ہیں،شکست پر شائقین سے معذرت خواہ ہیں، میگاایونٹ میں ٹیم نے اچھی کارکردگی پیش کی ،بدقسمتی سے ٹائٹل نہ جیت سکے،پرستاروں کی جانب سے سپورٹ درکار ہے،شاہد آفریدی اور وہاب ریاض کی شائقین سے مختصر بات چیت

پیر 23 مارچ 2015 08:36

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23 مارچ۔2015ء) ایڈیلیڈ میں میزبان کینگروز کے ہاتھوں کوارٹر فائنل میں شکست کے نتیجے میں ورلڈکپ کی دوڑ سے باہرہونے والی قومی ٹیم کی ٹکڑوں میں وطن واپسی شروع ہوگئی ،کراچی ایئرپورٹ پر پہنچنے والے کھلاڑیوں میں شاہد آفریدی، سرفراز احمد اور سہیل خان شامل ہیں جنہیں سخت سیکیورٹی میں ایئرپورٹ سے باہرلایا گیا جب کہ بعض شائقین نے اپنے ستاروں کا ایئرپورٹ پر استقبال بھی کیا۔

اس موقع پر شائقین سے مختصر بات کرتے ہوئے شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ ہم نے آپ کے لئے ورلڈ کپ میں بہت کوشش کی لیکن کامیاب نہ ہوسکے۔دوسری جانب ورلڈ کپ میں عمدہ کارکردگی پیش کرنے والے وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد کے گھر پر منچلے اور نوجوانوں کی بڑی تعداد جمع ہوئی اور مسلسل دو میچز میں بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کرنے والے سرفراز احمد کو پھولوں کے ہار پہنائے اور ڈھول کی تھاپ پر رقص بھی کیا۔

(جاری ہے)

کوچ وقار یونس سڈنی میں کچھ دن اہل خانہ کے ساتھ رہیں گے۔ایڈیلیڈ میں میزبان آسٹریلیا سے کوارٹرفائنل ہارنے کے بعد قومی کرکٹ ٹیم سڈنی پہنچ گئی ہے۔سڈنی سے کھلاڑی دوگروپس میں وطن واپس آئیں گے۔ سینئر بیٹسمین یونس خان کچھ روز میلبرن میں قیام کریں گے۔ ہیڈ کوچ وقار یونس کو کچھ دن خاندان کے ساتھ سڈنی میں رہنے کا موقع مل گیاہے۔ وقاریونس اور معاون کوچنگ اسٹاف چھٹیاں گزار کراپریل کے پہلے ہفتے میں پاکستان پہنچے گا۔

ان کی آمد کے بعد بنگلہ دیش کے دورے کے تیاریاں شروع کی جائیں گی۔ کپتان مصباح الحق،وہاب ریاض، احمد شہزاد،عمراکمل اور حارث سہیل سمیت دوسرے کھلاڑی (آج ) پیر کی صبح لاہور پہنچیں گے۔فاسٹ بولر وہاب ریاض نے کہا کہ اہم ترین کیچ ڈراپ کرنے والے راحت علی سے کوئی شکایت نہیں۔ دباوٴ سے بھرپور میچز میں کیچز ڈراپ ہوجاتے ہیں۔ شکست پر ہم شائقین سے معذرت خواہ ہیں، میگاایونٹ میں ٹیم نے اچھی کارکردگی پیش کی لیکن بدقسمتی سے ٹائٹل نہ جیت سکے۔پرستاروں کی جانب سے سپورٹ درکار ہے۔