ایرانی پائلٹ کی حوثی جنگجو کو ٹریننگ دینے کی ویڈیو جاری ،ویڈیو میں ایرانی پائلٹ کو ایک حوثی جنگجو کو جنگی ہوائی جہاز اڑانے کی تربیت دیتے دکھایا گیا

ہفتہ 28 مارچ 2015 02:53

دبئی( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔28 مارچ۔2015ء )یمن میں ایران نواز حوثی شدت پسندوں کو تہران کی جانب سے معاونت کی خبریں پہلے بھی آتی رہی ہیں۔ اسی سلسلے میں العربیہ چینل کو ایک ویڈیو فوٹیج موصول ہوئی ہے جس میں یمن کے ایک فوجی اڈے پر ایرانی پائلٹ کو ایک حوثی جنگجو کو جنگی ہوائی جہاز اڑانے کی تربیت دیتے دکھایا گیا ہے۔ اس ویڈیو کے منظرعام پرآنے کے بعد ایران کی جانب سے حوثی انقلابیوں کی عسکری شعبے میں امداد کی خبروں کو مزید تقویت ملتی ہے۔

(جاری ہے)

ویڈیو فوٹیج میں ایک ایرانی پائلٹ کو ایک حوثی کو پرانے ماڈل کے جنگی طیارہ اڑانے کی تربیت دیتے دکھایا گیا ہے۔ اگر یہ فوٹیج درست ہے تو اس سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ ایرانی پاسداران انقلاب یمن میں حوثیوں کی ہرممکن مدد کر رہے ہیں۔ سعودی عرب کی جانب سے یمن میں حوثیوں کے خلاف فوجی کارروائی پرایرانی مخالفت کو بھی اسی پیرائے میں دیکھا جا رہا ہے۔گذشتہ روز ایرانی وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے اپنے ایک بیان میں سعودی عرب کی یمن میں کارروائی کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس طرح کی کارروائیوں سے افراتفری اور تباہی میں اضافے کے علاوہ اور کوئی نتیجہ حاصل نہیں ہوسکتا ہے۔