یمن میں سعودی حملے پانچویں روز میں داخل ، 35 افراد ہلاک،88 زخمی،فضائی کارروائی کے بعد سعودی عرب نے زمینی قبضے کی تیاریاں بھی شروع کر دیں

منگل 31 مارچ 2015 02:28

صنعا(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔31 مارچ۔2015ء)یمن میں سعودی حملے پانچویں روز میں داخل ہوگئے ، رات بھر کی بمباری میں 35 افراد ہلاک اور 88 زخمی ہوئے ، فضائی کارروائی کے بعد سعودی عرب نے زمینی قبضے کی تیاریاں بھی شروع کر دیں۔۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عدن میں اب تک 100سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ عدن کے ائیر پورٹ کا کنٹرول بھی سرکاری فوج نے سنبھال لیا ہے۔

یمنی صوبے شبوہ میں مقامی قبائل نے حوثیوں کے خلاف کارروائی شروع کر دی۔ شبوہ میں 40 باغیوں کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔

(جاری ہے)

یمنی علاقے صعدہ میں فضائی بمباری میں باغیوں کے کئی اسلحہ ڈپو تباہ کر دیئے گئے۔ سعودی عرب کے وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ یمن میں زمینی کارروائی کا آپشن بھی موجود ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق سابق صدر علی عبداللہ صالح کی جانب سے جنگ بندی کی تجویز سعودی عرب کی جانب سے رد کر دی گئی ہے۔

سعودی عرب کا موقف ہے کہ صدر منصور ہادی کی قانونی حکومت کو تسلیم کیا جائے۔ پاکستان کے بعد چین نے بھی اپنے شہریوں اور سفارتی عملے کو سمندری راستے کے ذریعے یمن سے نکال لیا ہے۔ سعودی عرب کے بریگیڈئیر جنرل احمد العسیر کا کہنا ہے کہ یمن میں حوثی ملیشیا کے لیے اب کوئی محفوظ ٹھکانے نہیں رہیں گے۔

متعلقہ عنوان :