ایمنسٹی سکیم بل سینیٹ میں مسترد ہونے کا امکان، ایمنسٹی اسکیم کو صدارتی آرڈیننس کی بجائے سینیٹ و قومی اسمبلی سے پاس کرایا جائے،وزیراعظم میاں نواز شریف نے ہدایت،اپوزیشن جماعتوں نے پی آئی اے نجکاری معاملے کے بعد حکومت کو ایمنسٹی اسکیم پر بھی سینیٹ میں ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کرلیا،تحریک انصاف کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس، ایمنسٹی سکیم پر شدید تحفظات کا اظہار،ایمنسٹی سکیم کا جائزہ لینے کے بعد چھ رکنی کمیٹی سفارشات مرتب کرے گی، دیگر جماعتوں سے بھی رابطہ کیا جائے گا

ہفتہ 2 جنوری 2016 09:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2جنوری۔2016ء) حکومت کے اعلا ن کردہ کالے دھن کو سفید کرنے کی ایمنسٹی سکیم بل سینیٹ میں مسترد ہونے کا امکان ہے۔ اپوزیشن جماعتوں نے پی آئی اے نجکاری معاملے کے بعد حکومت کو ایمنسٹی اسکیم کے معاملہ پر بھی سینیٹ میں ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اپوزیشن جماعتوں کے اہم سینیٹرز نے گزشتہ روز کالے دھن کو سفید کرنے کا ایمنسٹی اسکیم کو سینیٹ سے منظوری نہ دینے کا اتفاق کیا گیا ہے۔

وزیراعظم میاں نواز شریف نے ہدایت کی ہے کہ ایمنسٹی اسکیم کو صدارتی آرڈیننس کی بجائے سینیٹ و قومی اسمبلی سے پاس کرایا جائے جس پر گزشتہ روز وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کالے دھن کو سفید کرنے کی پیشکش (ایمنسٹی اسکیم) کو قومی اسمبلی میں پیش کردیا ہے۔

(جاری ہے)

قومی اسمبلی میں حکومتی ارکان کی اکثریت ہونے کی وجہ سے ایمنسٹی اسکیم انکم ٹیکس آرڈیننس مجریہ 2001 ء میں 2016 ء کی پہلی ترمیم رضا کارانہ ٹیکس سکیم بل 2016 ء کو منظوری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے اس سلسلے میں ذرائع نے بتایا ہے کہ حکومت وقت کو سینیٹ کے ذریعے ٹف ٹائم دینے کیلئے اپوزیشن جماعتوں نے گٹھ جور کر لیا ہے۔

یاد رہے گزشتہ روز تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بھی ایمنسٹی اسکیم کو کالادھن سفید کرنے کیلئے حکومتی پیشکش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس بل کی سخت مخالفت کی جائے گی اور پیپلزپارٹی کے سینیٹرز نے بھی اس بل پر تنقید کے تیر برسائے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ اپوزیشن جماعتوں کے سینیئر رہنماؤں نے ایمنسٹی اسکیم بل 2016 ء کو سینیٹ میں منظوری نہ دینے کا اتفاق کیا ہے۔

یاد رہے تاجر برادری کا 0.06 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس عائد ہونے پر احتجاج کی وجہ سے وزارت خزانہ نے ایمنسٹی اسکیم کا اعلان کیا تھا جس کے ذریعے پانچ کروڑ پر صرف ایک فیصد ٹیکس ادائیگی کے بعد کالے دھن کو سفید کیاجاسکے گا۔ اور ذرائع انکم اور آڈٹ سے استثنیٰ دیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق پی آئی اے نجکاری معاملے پر حکومت کو سینیٹ کی قرار داد سے دھچکا پہنچایا گیا ہے اور اب ایمنسٹی بل کو سینیٹ میں مسترد کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ادھرشاہ محمود قریشی کی زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں ٹیکس ایمنسٹی سکیم پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے،ایمنسٹی سکیم کا جائزہ لینے کے بعد چھ رکنی کمیٹی سفارشات مرتب کرے گی۔ دیگر جماعتوں سے بھی رابطہ کیا جائے گا جمعہ کے روز پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا اجلاس میں تاجر رہنماء نعیم میر نے ٹیکس ایمنسٹی سکیم پر بریفنگ دی اجلاس میں رہنماؤں نے اسکیم پر شدید تحفظات کا اظہار کیا پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی کمیٹی نے ایمنسٹی اسکیم پر سفارشات مرتب کرنے کیلئے شاہ محمود قریشی کی سربراہی میں چھ رکنی کمیٹی قائم کردی ہے اس کمیٹی میں جہانگیر ترین‘ اسد عمر ‘ نعمان وزیر ‘ محسن عزیز اور شبلی فراز شامل ہیں۔

یہ کمیٹی ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کا جائزہ لینے کے بعد سفارشات مرتب کرے گی اور دیگر جماعتوں سے بھی مشاورت کی جائے گی کمیٹی پیر کے روز اپوزیشن لیدڑ خورشید شاہ سے بھی ملاقات کرے گی۔