جرمنی ، نامعلوم حملہ آوروں نے دو مختلف واقعات میں 6پاکستانیوں ایک شامی تارک وطن کو زخمی کردیا ،’کچھ گروہوں کی جانب سے اشتعال پیدا ‘کرنے کی خبریں ملیں ، جس کے بعد ریلوے اسٹیشن کے اطراف میں مزید نفری بھیج دی گئی، پولیس

منگل 12 جنوری 2016 09:49

کولون (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 12جنوری۔2016ء) جرمنی میں نامعلوم حملہ آوروں نے گزشتہ رات رات گئے دو مختلف واقعات میں چھ پاکستانیوں اورایک شامی تارک وطن کو زخمی کر دیا۔پولیس نے پیر کو بتایا کہ جرمن شہر کولون میں مشتعل ہجوم نے چھ پاکستانیوں پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں دو زخمیوں کو ہسپتال منتقل کرنا پڑا۔اس واقعہ کی کچھ دیر بعد پانچ حملہ آوروں نے ایک 39 سالہ شامی شخص کو معمولی زخمی کر دیا۔

شہر کے وسط میں مرکزی ریلویز اسٹیشن کے باہر پیش آنے والے ان واقعات نے پہلے سے موجود کشیدگی کو مزید ہوا دی ہے۔خیال رہے کہ نئے سال کے موقع پر کولون میں خواتین پر حملوں کے پانچ سو واقعات رپورٹ ہونے کے بعد شہر میں تناوٴ کی فضا تھی۔پولیس نے بتایا کہ انہیں ’کچھ گروہوں کی جانب سے اشتعال پیدا ‘کرنے کی خبریں ملیں ، جس کے بعد ریلوے اسٹیشن کے اطراف میں مزید نفری بھیج دی گئی۔

(جاری ہے)

پولیس حکام نے تقریباً 100 افراد کی شناخت کی جانچ پڑتال کی اور احکامت نہ ماننے پر دو افراد کو تحویل میں لے لیا۔ہفتہ کو پولیس نے کولون میں دائیں بازو کی تحریک PEGIDA کی ریلی میں پولیس اہلکاروں پر فائر کریکرز اور بوتلیں پھینکے جانے کے بعد مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس اور واٹر کینن کا استعمال کیا تھا۔کولون میں خواتین پر حملوں کے بعد جرمنی میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ اس واقعہ کی وجہ سے گزشتہ سال پناہ حاصل کرنے کیلئے یہاں آنے والے گیارہ لاکھ تارکین وطن میڈیا کی توجہ کا مرکز بن چکے ہیں۔