سعودی قیادت میں اسلامی ممالک کے فوجی اتحاد میں پاکستان نے باضابطہ طور پر شمولیت اختیار کرلی ،سعودی عرب نے زمینی فوج مانگی ہے نہ ہم بھجوائیں گے، اقوام متحدہ کے سوا کسی بھی اتحاد کو زمینی فوج بھجوانا ہماری پالیسی کے خلاف ہے،پاکستان سعودی عرب ،ایران کشیدگی کو کم کرا نے کیلئے کردار اد اکررہا ہے، مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر او آئی سی کا اجلاس 16 جنوری کو جدہ میں طلب کیا گیا ہے،تنازعہ کے حل کیلئے اپنی تجاویز دینگے، خطے میں فرقہ وار انہ کشیدگی کا خطرہ نہیں ہے، مشیر خارجہ کی قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی خارجہ کو بریفنگ

بدھ 13 جنوری 2016 09:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 13جنوری۔2016ء) مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ سعودی قیادت میں 34اسلامی ممالک کے فوجی اتحاد میں پاکستان نے باضابطہ طور پر شمولیت اختیار کرلی ہے تاہم اقوام متحدہ کے سوا کسی بھی اتحاد کو زمینی فوج بھجوانا ہماری پالیسی کے خلاف ہے۔ گزشتہ روز اسلام آباد میں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ کو بریفنگ دیتے ہوئے سرتاج عزیز نے کمیٹی کو یقین دلایا کہ سعودی عرب نے زمینی فوج مانگی ہے اور نہ ہم بھجوائیں گے۔

پاکستان نے سعودی عرب کی قیادت میں بننے والے دہشت گردی کے خلاف اسلامی ممالک کے فوجی اتحاد میں شمولیت اختیار کرلی ہے جبکہ زمینی فوج بھیجنے کا نہیں سوچا ہے۔ سعودی عرب سے انسداد دہشت گردی سے متعلق خفیہ معلومات کا تبادلہ کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کمیٹی کو مزید بتایا کہ پاکستان سعودی عرب اور ایران کے درمیان کشیدگی کو کم کرا نے کیلئے کردار اد اکررہا ہے۔

مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر او آئی سی کا اجلاس 16 جنوری کو جدہ میں طلب کیا گیا ہے۔ پاکستان او آئی سی اجلاس میں سعودی عرب ایران تنازعہ کے حل کیلئے تجاویز دے گا جبکہ پاکستان شام کے تنازعہ کے حل کی لئے بھی پر امن بات چیت کی بحالی کا حامی ہے۔ خارجہ کمیٹی کے چیئرمین اویس لغاری کا کہنا تھاکہ پاکستان کو اپنا مفاد سامنے رکھ کر کردار ادا کرنا چاہیے، امید ہے کہ او آئی اسی اجلاس کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی کم ہوجائے گی۔

مشیر خارجہ نے کہا کہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان کشیدگی کے باوجود خطے میں فرقہ وار انہ کشیدگی کا خطرہ نہیں ہے ۔ ادھردفترخارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان34 اسلامی ممالک کے فوجی اتحادپراپنے ابتدائی موقف پرقائم ہے ،سعودی عرب کی سلامتی کوخطرے کی صورت میں بھرپورجواب دیاجائیگا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق مشیرخارجہ سرتاج عزیز کی جانب سے آج سینٹ کو ان کیمرہ بریفنگ پروضاحت دیتے ہوئے دفترخارجہ کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہاہے کہ سعودی عرب پاکستان کاقریبی دوست ہے ،سعودی عرب سے دفاع اوردہشتگردی کے خلاف جنگ سمیت مختلف شعبوں میں تعاون جاری ہے ،پاکستان 34ملکی اسلامی فوجی اتحادبارے اپنے ابتدائی موٴقف پرقائم ہے ،مستقبل قریب میں مشاورتی اجلاس میں اتحادکے پہلووٴں اورسرگرمیوں کاجائزہ لیاجائیگااورسعودی عرب کی سلامتی کوخطرہ ہواتوبھرپورجواب دیاجائیگا۔

ترجمان کاکہناتھاکہ پاکستان ہرقسم کی دہشتگردی کے خلاف ہے اوردہشتگردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے ،پاکستان انسداددہشتگردی کے حوالے سے قائم ہونیوالے اتحادکاخیرمقدم کرتاہے اوردہشتگردی کے خاتمے کیلئے علاقائی اورعالمی تعاون کاخواہاں ہے