فیصل آباد ،صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ کی موجودگی میں لاقانونیت ‘ جدید ترین اسلحہ کی کھلے عام نمائش،ن لیگ کا بلدیاتی انتخابات میں آزاد حیثیت سے منتخب چیئرمین وائس چیئرمین کے اعزاز میں استقبالیہ، 30 سے زائد جدید ہتھیاروں سے لیس افراد کی موجودگی سے لوگ خوف میں مبتلا ہوگئے ،کھلے عام اسلحہ کی نمائش کرنیوالے ممبران اسمبلی کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات کرائی جائے،شہریوں اور تاجروں کا مطالبہ

پیر 18 جنوری 2016 09:37

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 18جنوری۔2016ء) صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ کی موجودگی میں لاقانونیت ‘ جدید ترین اسلحہ کی کھلے عام نمائش‘ خبر رساں ادارے کے مطابق مسلم لیگ ن ضلع فیصل آباد کی طرف سے بلدیاتی انتخابات میں آزاد حیثیت سے منتخب ہونے والے چیئرمین وائس چیئرمین کے اعزاز میں کینال روڈ پر واقع ایک مقامی ہوٹل میں استقبالیہ دیا گیا۔

اس استقبالیہ کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر قانون و بلدیاتی رانا ثناء اللہ تھے مگر ہوٹل میں اس قدر خوف و ہراس تھا کہ دیگر افراد ہوٹل کی طرف مسلح بردار لوگوں کے خوف کی وجہ سے رخ کرنے سے گریزاں تھے۔ کیونکہ تقریب میں 30 سے زائد جدید ہتھیاروں سے لیس مسلح افراد جو ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کے باڈی گارڈ تھے ہوٹل کے گیٹ کے باہر اسلحہ تان کر کھڑے تھے جس کی وجہ سے ہوٹل میں منعقد ہونے والی تقریبات کے لوگ خوفزدہ رہے۔

(جاری ہے)

اس تقریب میں قومی اسمبلی کے رکن چوہدری عاصم نذیر‘ میاں فاروق احمد ایم این اے‘ صوبائی مشیر رائے حیدر صلاح الدین‘ ممبران صوبائی اسمبلی آزاد علی تبسم‘ میاں اجمل آصف‘ رانا شعیب ادریس‘ شاہجہان کھرل‘ اور ظفر اقبال ناظرہ وغیرہ موجود تھے۔ جبکہ آزاد حیثیت سے منتخب ہونے والے ایک گروپ بھی استقبالیہ تقریب میں مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کیا۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ ضلع کونسل کی یونین کونسلوں کے منتخب ہونے والے آزاد چیئرمین‘ وائس چیئرمین اور ممبران کے دھڑے کی سربراہی سابق سپیکر صوبائی اسمبلی چوہدری محمد افضل ساہی ایم پی اے کر رہے ہیں اس دھڑے کو بھی ممبران قومی اسمبلی کے ساتھ ساتھ صوبائی اسمبلی کے ممبران کی بھی حمایت حاصل ہے۔ شہریوں نے وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت ایک طرف اسلحہ کی کھلے عام نمائش پر پابندی عائد کر رہی ہے جبکہ اس کے اپنے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور مسلم لیگی عہدیدار جس طرح اسلحہ کی نمائش کر کے عوام میں خوف و ہراس پھیلا رہے ہیں اس سے مسلم لیگ ن کی قیادت سے لوگ بدضن ہو رہے ہیں۔

شہریوں اور تاجروں نے مطالبہ کیا ہے کہ کھلے عام اسلحہ کی نمائش کرنے والے ممبران اسمبلی کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات کرائی جائے۔