تیسرا ون ڈے،گلین میکس ویل کی شاندار اننگز، بھارت یقینی فتح سے محروم ، آسٹریلیا نے میچ اور سیریز اپنے نام کرلی ،میکس ویل نے 96 رنز کی شاندار باری کھیلی ، مین آف دی میچ قرار پائے، کوہلی کی سنچری رائیگاں گئی ، سیریز کا چوتھا میچ بدھ کو کھیلا جائے گا

پیر 18 جنوری 2016 09:19

میلبورن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 18جنوری۔2016ء) گلین میکس ویل نے شاندار اننگز کی بدولت بھارت کو یقینی فتح سے محروم کرتے ہوئے آسٹریلیا کو تیسرے ایک روزہ میچ اور سیریز میں فتح سے ہمکنار کرا دیا،آسٹریلیا نے سیریز 3-0سے اپنے نام کرلی ۔ آسٹریلیا نے پانچ میچوں کی سیریز کے تیسرے میچ میں ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو ابتدا میں اس وقت درست ثابت ہوا جب گزشتہ دونوں میچوں میں سنچری بنانے والے روہت شرما جلد پویلین لوٹ گئے۔

تاہم اس کے بعد ویرات کوہلی اور شیکھر دھاون نے دوسری وکٹ کیلئے 119 رنز جوڑ کر اپنی ٹیم کو مستحکم پوزیشن میں پہنچا دیا، 134 کے اسکور جان ہیسٹنگز نے 68 رنز بنانے والے ہیسٹنگز کی وکٹیں بکھیر دیں۔ تاہم دوسرے اینڈ پر موجود کوہلی ڈٹے رہے اور نئے بلے باز اجنکیا راہا نے کے ساتھ مزید 109 رنز کی شراکت قائم کرنے کے ساتھ ساتھ ایک روزہ کرکٹ میں اپنی 24ویں سنچری بھی مکمل کی۔

(جاری ہے)

اس اننگ کے دوران انہوں نے تیز ترین سات ہزار رنز بنانے کا بھی اعزاز اپنے نام کیا۔ راہانے 50 جبکہ کوہلی دو چھکوں اور سات چوکوں سے مزید 117 رنز کی بہترین باری کھیلنے کے بعد پویلین لوٹے۔ دھونی نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے نو گیندوں پر 23 رنز بنا کر مقررہ اوورز میں ٹیم کو 295 رنز کے مجموعے تک رسائی دلائی۔ آسٹریلیا کی جانب سے جان ہیسٹنگز نے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

ادھر آسٹریلیا نے بیٹنگ شروع کی تو اوپنرز نے ایک بار پھر ٹیم کو 48 رنز کا مثبت آغاز فراہم کیا، ایرون فنچ ڈراپ کیچ کا فائدہ نہ اٹھا سکے اور 21 رنز بنا کر آوٴٹ ہوئے۔ اس کے بعد کپتان اسٹیون اسمتھ اور شارن مارش وکٹ پر یکجا ہوئے اور اسکور کو 112 تک پہنچا دیا تاہم اسی اسکور پر جدیجا نے 41 رنز بنانے والے اسمتھ کی پیش قدمی روک دی۔شان مارش اور بیلی نے اسکور کو 150 تک پہنچایا ہی تھا کہ جدیجا نے ہدنوستان کو ایک اور اہم کامیابی دلاتے ہوئے بیلی کو دھونی کی مدد سے اسٹمپ کرادیا۔

مارش نے دوسرے اینڈ سے اچھی بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا تاہم 62 رنز بنانے کے بعد ان کی ہمت بھی جواب دے گئی۔ 167 رنز پر چار وکٹیں گنوانے کے بعد گلین میکس ویل اور مچل مارش نے اسکور کو آگے بڑھانا شروع کیا اور اپنی ٹیم کے 200 رنز مکمل کرائے تاہم 204 کے اسکور پر وکٹوں کے درمیان سست روی سے دوڑنے کی پاداش میں مارش رن آوٴٹ ہو گئے جبکہ جلد ہی میتھیو ویڈ کی اننگ بھی اختتام پذیر ہوئی۔

215 رنز پر چھ وکٹیں گنوانے کے بعد آسٹریلیا کی میچ میں شکست کے امکانات واضح ہونا شروع ہو گئے تھے لیکن گلین میکس ویل نے ہندوستان کے ارمانوں پر پانی پھیرتے ہوئے فتح گر باری کھیل کر انہیں یقینی فتح سے محروم کردیا۔ انہوں نے 96 رنز کی شاندار باری کھیلنے کے ساتھ ساتھ جیمز فالکنر کے ساتھ ساتویں وکٹ کیلئے قیمتی 80 رنز بھی جوڑے، جب میکس ویل آوٴٹ ہوئے تو آسٹریلیا کو فتح کیلئے محض ایک رن درکار تھا جسے اس نے اگلی گیند پر حاصل کر لیا۔ اس میچ میں فتح کے ساتھ آسٹریلیا نے پانچ میچوں کی سیریز 3-0 سے جیت لی ہے جبکہ سیریز کا چوتھا میچ بدھ کو کھیلا جائے گا۔ میکس ویل کو شاندار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

متعلقہ عنوان :