پارٹی میں مختلف عہدوں کیلئے نامزدگیوں کا کلچر ہر صورت میں ختم ہونا چاہیے ، ایک خاص وقت کے اندر پارٹی انتخابات ہونے چاہئیں، ہم آئندہ عام انتخابات کی طرف بڑھ رہے ہیں ، چاہتے ہیں اگلے الیکشن میں پارٹی کے اندر منتخب عہدیدار وں کے ساتھ جایا جائے ، پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا پیپلزپارٹی کے پی کے کے سینئررہنماؤں سے ملاقات میں گفتگو

بدھ 20 جنوری 2016 07:18

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20جنوری۔2016ء)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پارٹی میں مختلف عہدوں کے لئے نامزدگیوں کا کلچر ہر صورت میں ختم ہونا چاہیے اور ایک خاص وقت کے اندر پارٹی میں انتخابات ہونے چاہئیں۔ انہوں نے خیبرپختونخواہ پی پی پی کو ہدایت کی کہ وہ کارکنوں کو اس ضمن میں متحرک کریں۔ وہ منگل کو یہاں ز رداری ہاؤس میں کے پی کے کے سینئر پارٹی لیڈروں سے پیر کی رات دیر گئے تک چلنے والے اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔

اجلاس میں سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، کے پی کے کی اسمبلی میں سابق اسپیکر مسعود کوثر، سینیٹر شیری رحمن، سابق وزراء ہمایوں خان، لیاقت شباب، طارق خٹک اور رحیم داد خان کے علاوہ قومی اسمبلی میں پارٹی کے ٹکٹ ہولڈر ایوب شاہ،سینیٹر فرحت اللہ اور پولیٹیکل سیکریٹر جمیل سومرو نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

پی پی پی کے پی کے کے صدر خانزادہ خان نے اپنے بھائی کی وفات کے باعث اس اجلاس میں شرکت نہیں کر سکتے۔

ان کی نمائندگی پی پی پی کے پی کے کے جنرل سیکریٹری ہمایوں خان نے کی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پارٹی کے تمام سینئر اراکین بشمول پارٹی کے صوبائی عہدیدار سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی میں کے پی سے تعلق رکھنے والے ممبران، پارٹی ٹکٹ ہولڈرز اور پارٹی کے دیگر سینئر اراکین پارٹی ورکروں سے رابطہ کرکے انہیں پارٹی میں انتخابات کے لئے متحرک کریں۔

بلاول بھٹو نے ہدایت کی کہ کے پی کے کے کچھ اضلاع میں پارٹی کے اندر انتخابات کروائے جائیں گے اور اس کے بعد تمام صوبے میں اور تمام ملک میں پارٹی کے اندر انتخابات ہوں گے۔ پارٹی کے ترجمان سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا کہ چیئرمین بلاول نے یہ ہدایت بھی کی کہ انہیں اس ضمن میں ہونے والی تمام پیش رفت سے باقاعدگی سے آگاہ کیا جائے کیونکہ وقت تیزی سے گزر رہا ہے اور ہم آئندہ عام انتخابات کی طرف بڑھ رہے ہیں اور چاہتے ہیں کہ آئندہ انتخابات پارٹی کے اندر منتخب عہدیدار وں کے ساتھ جایا جائے۔