پاکستان،افغانستان اور امریکہ نے افغا ن امن کیلئے4فریقی میکانزم کو خوش آئند قرار دیا، ابتدائی2اجلاسوں کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار،وزیر اعظم کی ڈیووس میں افغان صدر اور امریکی نائب صدر سے ملاقات، خطے کی صورتحال افغان مفاہمتی عمل اور دہشتگردی کے خلاف جنگ سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال،افغان صدر اور امریکی نائب صدر کی چارسدہ حملے کی مذمت

جمعہ 22 جنوری 2016 10:06

ڈیووس،اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 22جنوری۔2016ء)پاکستان،افغانستان اور امریکہ نے افغانستان میں امن کیلئے4فریقی میکانزم کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے ابتدائی2اجلاسوں کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا،امریکی نائب صدر جوبائیڈن اور افغان صدر اشرف غنی نے چارسدہ حملے کی مذمت اور جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔وزیراعظم محمد نوازشریف،افغان صدر اشرف غنی اور امریکی نائب صدر جوبائیڈن نے ڈیووس میں ملاقات میں خطے کی صورتحال افغان مفاہمتی عمل اور دہشتگردی کے خلاف جنگ سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔

ترجمان وزیراعظم کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم اور عالمی رہنماؤں کی ملاقات خوش گوار ماحول میں ہوئی،افغان صدر اور امریکی نائب صدر نے چارسدہ میں ہونے والے حملے کی مذمت کی اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

دونوں رہنماؤں نے دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خلاف پاکستانی قوم کے عزم کو خراج تحسین پیش کیا۔شرکاء نے افغانستان میں امن اور مفاہمتی عمل کا جائزہ لیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ افغانستان میں مفاہمت کیلئے4فریقی میکانزم خوش آئند ہے،4فریقی ممالک کے2اجلاسوں میں پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہیں،افغانستان میں امن اور مفاہمتی عمل توجہ مرکوز ہوگا،افغانستان میں امن خطے کے مفاد میں ہے