جنوبی وزیرستان میں افغانستان سے میزائل حملہ،6راکٹ داغے گئے،1دکان پرگرنے سے 3افغانی جاں بحق1پاکستانی شدیدزخمی،حملہ سرحدبندکرکے پاک افغان تعلقات کشیدہ کرنے کی سازش ہے،گورنرفوری نوٹس لیں،اہلیان علاقہ کی اپیل

جمعہ 22 جنوری 2016 10:11

جنوبی وزیرستان (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 22جنوری۔2016ء )جنوبی وزیرستان میں پاک افغان سرحد پر واقعہ پاکستانی علاقے انگور اڈہ پر چھ میزائل داغے گئے۔ تین افغانی ہلاک اور ایک پاکستانی شدید زخمی ۔جنوبی وزیرستان لیویز فورس کے ذرائع کے مطابق جمعرات کے دن افغانستان کی جانب سے یکے بعددیگرے چھ میزائل پاکستانی حدودمیں داغے گئے جن میں پانچ بیابان جگہ پر جاکر زور دار دھماکوں سے پھٹ گئے جبکہ ایک میزائل پاکستانی علاقے انگور اڈہ کے بازار میں ایک دکان پر جاکرگرا۔

جس کی وجہ سے تین افغانی موسی خان ،عبدالقدیر خان اور عبدالقیوم خان موقع پر ہلاک ہوگئے۔جبکہ ایک پاکستانی اسمعیل خان وزیر شدید زخمی ہوگیا۔میزائل دھماکہ سے دکان کا ایک حصہ مکمل طورپر تباہ ہوگیا۔ زخمی اسمعیل خان وزیر توجئے خیل کو ہیڈکوارٹر ہسپتال وانا پہنچادیاگیا ۔

(جاری ہے)

جہاں اسے طبعی امداد دی جارہی ہے۔میزائل حملہ کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ۔

واضح رہے کہ پاک افغان سرحد بد امنی کی وجہ سے پچھلے کئی ماہ سے بند تھی اور اس پر آمد ورفت مکمل طور پر بند تھی جس کی وجہ سے مقامی لوگوں اور تاجروں کو سخت مشکلات کا سامنا تھا ۔مگر گورنر صوبہ خیبرپختون خواہ سردار مہتاب عباسی اور پاک آرمی وانا کے نائن ڈیو کے جی او سی کی کوششوں سے کزشتہ دنوں سرحددوبارہ کھول دی گئی ۔جس کی وجہ سے علاقے کے لوگوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

میزائل حملہ کے بعد لوگوں میں تشویش پائی جاتی ہے کہ پاک افغان سرحد دوبارہ نہ سیل کردی جائے۔مقامی افراد گل ولی خان ،نور محد اور دیگر نے کہا کہ میزائل حملے پاک افغان تعلقات کو دوبارہ خراب کرنے کی سازش ہیں ۔ان کا کہناتھا کہ ہم اس سازش کو ہرگز کامیاب نہیں ہونے دینگے ۔انھوں نے گورنر صوبہ خیبرپختون خواہ سردار مہتاب عباسی ،کورکمانڈر پشاور اور دیگر اعلی حکومتی حکام سے مطالبہ کیا کہ پاک افغان سرحد کو دوبارہ بند نہ کیا جائے۔