ڈیرہ بگٹی میں صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کی گاڑی بارودی سرنگ کی زد میں آ کر تباہ ،وزیر داخلہ اور انکے محافظ معجزانہ طورپر محفوظ ر ہے ، سیکورٹی فورسز اور مقامی انتظامیہ نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا

ہفتہ 23 جنوری 2016 09:00

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 23جنوری۔2016ء)صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی کی گاڑی ڈیرہ بگٹی کے علاقے میں بارودی سرنگ کی زد میں آگئی جس کے نتیجے میں گاڑی مکمل طورپر تباہ ہو گئی تاہم وہ اور ان کے محافظ معجزانہ طورپر محفوظ رہے دھماکہ کے بعد سیکورٹی فورسز اور مقامی انتظامیہ نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا یہاں آمدہ اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماء صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز احمد بگٹی ڈیرہ بگٹی کے علاقے بیکڑ میں اپنی رہائش گاہ سے کانوائے کیساتھ ایک جرگہ میں شرکت کیلئے جارہے تھے کہ راستہ میں تخریبکاری کی غرض سے نامعلوم افراد کی جانب سے زیرزمین چھپائی گئی بارودی سرنگ کیساتھ ان کی گاڑی ٹکرانے سے گاڑی مکمل طورپر تباہ ہوگئی دھماکہ کے نتیجے میں کانوائے میں موجود دیگر گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا تاہم دھماکہ میں صوبائی وزیر داخلہ اور ان کے محافظوں سمیت کانوائے میں شامل دیگر افراد اور اہلکار معجزانہ طورپر محفوظ رہے دھماکہ کی اطلاع ملتے ہی سیکورٹی فورسز اور مقامی انتظامیہ موقع پر پہنچ گئی جنہوں نے علاقوں کو گھیرے میں لیکر کارروائی شروع کردی مزید کارروائی ڈیرہ بگٹی انتظامیہ کررہی ہے ۔