سیاسی رہنماوٴں کا آرمی چیف کے توسیع نہ لینے کے فیصلے کاخیرمقدم،توسیع کی روایت کوپروان نہیں چڑھناچاہئے،زرداری،راحیل شریف کی عزت قوم کی نظروں میں اوربھی بڑھ گئی،عمران خان

منگل 26 جنوری 2016 09:58

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 26جنوری۔2016ء)سیاسی رہنماوٴں نے آرمی چیف کے توسیع نہ لینے کے فیصلے کاخیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ اس فیصلے سے فوج کاوقاربڑھے گا ،آرمی چیف کے توسیع نہ لینے کے بیان پرردعمل کااظہارکرتے ہوئے سابق صدرآصف علی زرداری نے ان کے فیصلے کاخیرمقدم کیااورکہاکہ فوج ایک اہم ادارہ ہے ،توسیع کی روایت کوپروان نہیں چڑھناچاہئے ،پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے فیصلے کاخیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ اس فیصلے سے راحیل شریف کی عزت قوم کی نظروں میں اوربھی بڑھ گئی ہے ،فوج بطورادارہ مضبوط ہوگااورقومیں مضبوط اداروں سے بنتی ہیں ،وفاقی وزیرمحمدزبیرنے کہاکہ آرمی چیف کافیصلہ اہم پیغام ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے اس اعلان کو سراہا ہے کہ وہ اپنی مدت ملازمت میں توسیع نہیں لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اچھی بات ہے کہ آرمی چیف کے خلاف جو افواہ پھیلی ہوئی تھی وہ ختم ہو جائے گی اور یہ ان کا واضع بیان کہ وہ مدت ملازمت میں توسیع نہیں چاہتے، ان افواہوں کا خاتمہ کر دے گا۔ انہوں نے کہا کہ آرمی اہم ادارہ ہے اور اس کی خدمت اسی طرح سے کی جا سکتی ہے کہ مدت ملازمت میں توسیع کی روایت کو جڑ پکڑنے نہ دیا جائے۔