سیاسی و عسکری قیادت کا بچوں کو پڑھانے،دہشت گردوں کو بھگانے کے عزم ،نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد سے ایک انچ پیچھے نہیں ہٹیں گے ، دہشت گردوں کو ملک کے کونے کونے سے ڈھونڈ کر انجام تک پہنچایا جائیگا ،ضرب عضب آپریشن آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گا،اجلاس میں اتفاق، کراچی سمیت ملک بھر میں دہشت گردوں کے خلاف موثر کارروائیاں کی جا رہی ہیں کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں برتی جا رہی، وزیر اعظم کو نیشنل ایکشن پلان اور آپریشن ضرب عضب میں پیشترفت پر بریفنگ ، بچوں کو سکول جانے سے روکنے والوں کو شکست دے کر دم لیں گے، شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گے ، معصوم لوگوں کے خون کے ہر قطرے کا حساب لیں گے،وزیراعظم نوازشریف کا اجلاس سے خطاب،وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس ،آرمی چیف جنرل راحیل شریف ، وزیرداخلہ چوہدری نثار ،ڈی جی آئی ایس لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر، مشیر سلامتی ناصر خان جنجوجہ سمیت اعلیٰ سول وعسکری حکام کی شرکت

منگل 2 فروری 2016 08:40

اسلام آباد ا(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 2فروری۔2016ء )سیاسی و عسکری قیادت نے بچوں کو پڑھانے اوردہشت گردوں کو بھگانے کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد سے ایک انچ پیچھے نہیں ہٹیں گے ، دہشت گردوں کو ملک کے کونے کونے سے ڈھونڈ کر انجام تک پہنچایا جائیگا ،ضرب عضب آپریشن آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گا جبکہ وزیراعظم میاں نوازشریف نے کہا ہے کہ بچوں کو سکول جانے سے روکنے والوں کو شکست دے کر دم لیں گے، شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گے ، معصوم لوگوں کے خون کے ہر قطرے کا حساب لیں گے۔

وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت ہونے والے سیاسی و عسکری قیادت کے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں ملک کے ہر کونے سے دہشت گردی کو ختم کرنے کے لیے دہشت گردوں کیخلاف آپریشن ضرب عضب کو تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ، اور نیشنل ایکشن پلان کے تمام نکات پر مکمل عملدرآمد کرنے پر اتفاق کیا گیا ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق پیر کے روز وزیراعظم ہاؤس میں سیاسی و عسکری قیادت کا اعلیٰ سطح کا اجلاس ہو ا جس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف ،ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر ، وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان ،مشیر خارجہ سرتاج عزیز ،قومی سلامتی کے مشیر ناصر خان جنجوعہ ، و دیگر سیاسی و عسکری حکام نے شرکت کی ہے ،اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان ، آپریشن ضرب عضب سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا اور مزید موثر بنانے پر مشاورت کی گئی ،حکام کی جانب سے وزیر اعظم کو نیشنل ایکشن پلان اور آپریشن ضرب عضب کے نتیجے میں ہونے والی پیش رفت پر بریفنگ دی گئی ہے اور بتایا گیا کہ کراچی سمیت ملک بھر میں دہشت گردوں کے خلاف موثر کارروائیاں کی جا رہی ہیں اور کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں برتی جا رہی ، آپریشن ضرب عضب کے نتیجے میں دہشت گردوں کو بہت نقصان پہنچا ہے اور تمام بڑے ٹھکانے تباہ کردیئے گئے ہیں ملک میں دہشت گردوں کے نیٹورک ٹوٹ چکے ہیں ، اب مٹھی بھر دہشت گر د غاروں میں چھپے ہیں جنہیں غاروں میں گھس کر مارا جا رہا ہے ،ذرائع نے بتایا ہے کہ اجلاس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے وزیراعظم نواز شریف کو افغان امن عمل سے متعلق ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کیا ہے جبکہ مشیر برائے قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ نے پاک بھارت مذاکراتی عمل کی بحالی سے متعلق وزیراعظم کو بریفنگ دی ہے ،اجلاس میں وزیرعظم کو پاک بھارت سیکرٹری خارجہ کی متوقع ملاقات سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا ہے ،اس موقع پر وزیر اعظم نے آپریشن ضرب عضب اور قومی ایکشن پلان کے تحت پاک فوج کے جوانوں کی جانب سے کی جانے والی کارروائیوں کو سراہا ہے اور دہشت گردی کیخلاف جنگ میں شہید ہونے والے جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پوری قوم کا جذبہ غیر متزلزل ہے ،بچوں کو دھمکا کر سکول جانے سے روکنے والوں کا ہر جگہ پیچھا کریں گے اور ملک کے ہر کونے سے دہشت گردی کو ختم کریں گے ، نیشنل ایکشن پلان اور آپریشن ضرب عضب میں فورسز کی لازوال قربانیاں قابل ستائش اور ناقبل فراموش ہیں ، شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گے ، معصوم لوگوں کے خون کے ہر قطرے کا حساب لیں گے ،انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے قومی لائحہ عمل پر مکمل عملدرآمد ناگزیر ہے ،نیشنل ایکشن پلان کے تحت کارروائیاں مزید تیز کی جائیں اور اس کے نکات پر عملدرآمد تمام سٹیک ہولڈرز کی مشترکہ ذمہ داری ہے،وزیراعظم نے کہا کہ باچا خان یونیورسٹی پر دہشت گردوں کا حملہ بزدلانہ کارروائی اس میں ملوث ماسٹر مائنڈوں اور سہولت کاروں کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ کراچی آپریشن کے نتائج مثبت برآمد ہو رہے ہیں اور لوگوں میں خوشی کی لہر دوڑ آئی ہے ،کراچی کی رشنیاں بحال ہو رہی ہیں ، کراچی میں مکمل امن تک رینجزز موجود رہی گی اور پوری قوت سے آپریشن جاری رہے گا۔