تحریک انصاف کا آبپارہ چوک میں بڑے احتجاجی پروگرام کے انعقاد کا اعلان ، جودہ حکومت ملکی تاریخ کی سب سے ظالم حکومت ثابت ہو رہی ہے، کرپشن، بدعنوانی اور ناکام معاشی پالیسیوں کے ذریعے عوام خصوصاً نچلے طبقے کی زندگیاں اجیرن بنا رکھی ہیں، سیف اللہ خان نیازی، حکومت میں آنے سے پہلے ن لیگ بجلی بحران کے خاتمے، گیس، بجلی اور دیگر اشیاء ضروریہ کی قیمتیں اور جی ایس ٹی کی شرح کو کم از کم سطح پر لانے کااعلان کیا کرتی تھی، حکومت سنبھالنے کے بعد اس نے اپنے وعدوں کو بھلا کر عوام کا انتہائی سنگین انداز میں استحصال شروع کیا،مرکزی رہنما پی ٹی آئی

جمعرات 4 فروری 2016 08:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4فروری۔2016ء )پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما سیف اللہ خان نیازی نے 6فروری کوچیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے احتجاج کے اعلان کے مطابق وفاقی دارالحکومت کے آبپارہ چوک میں ایک بڑے احتجاجی پروگرام کے انعقاد کا اعلان کیاہے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ نواز کی موجودہ حکومت ملکی تاریخ کی سب سے ظالم حکومت ثابت ہو رہی ہے، جس نے کرپشن، بدعنوانی اور ناکام معاشی پالیسیوں کے ذریعے عوام خصوصاً نچلے طبقے کی زندگیاں اجیرن بنا رکھی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت میں آنے سے پہلے مسلم لیگ نواز بجلی بحران کے خاتمے، گیس، بجلی اور دیگر اشیاء ضروریہ کی قیمتیں کم کرنے اور جنرل سیلز ٹیکس کی شرح کو کم از کم سطح پر لانے کااعلان کیا کرتی تھی، تاہم حکومت سنبھالنے کے بعد اس نے اپنے وعدوں کو بھلا کر عوام کا انتہائی سنگین انداز میں استحصال شروع کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت نے ٹیکس نظام میں اصلاحات کرنے اور امیر اور مراعات یافتہ طبقے کو ٹیکس کے دائرہ کار میں لانے کیلئے موثر اقدامات اٹھانے کی بجائے دنیا بھر سے مہنگے قرضے اکٹھے کرنا شروع کیے، خود کو امیر جبکہ قوم کو غربت اور مہنگائی کی چکی میں پسنے کا سلسلہ شروع کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ مہنگے داموں وصول کیے جانے والے قرضوں کو اگر عوام کی فلاح وبہبود اور انسانی ترقی پر خرچ کیا جاتا تو دوسری بات تھی، مگر حکومت نے اس سرمائے کو میٹرو اور اورنج لائن جیسے متنازعہ منصوبوں میں جھونکنا شروع کر دیا اور اپنے دورے اقتدار کے تین برس گزر جانے کے بعد بھی عوام کی مشکلات میں کمی کیلئے کوئی معنی خیز حکمت عملی اختیار نہیں کی۔

ان کے مطابق اگر مسلم لیگ نواز کے دور حکومت میں پیدا ہونے والے حالات کی سنگینی کا اندازہ لگانا مقصود ہوتو آج کے معاشی اعدادوشمار کا موازنہ 2013کے اعدادوشمار سے کیا جائے تو صورتحال یقینی واضح ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے کارکنان نے بڑے پیمانے پر قیادت کو سڑکوں پر نکلنے کی تجویز دی ہے، کیونکہ موجودہ حکومت نے معاشرے کے تمام طبقات خصوصاً محروم اور غریب لوگوں کا جینا دوبھر کر رکھا ہے۔

تیل اور گیس پر ناروا ٹیکسوں کی بھرمار نے ملک میں مہنگائی کے ایک غیر معمولی طوفان کو ہوا دی ہے، جس کے نتیجے میں عام پاکستانی کی زندگی مشکلات کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نواز کے اقتدار میں آنے سے پہلے پٹرول اور ڈیزل پر ٹیکس کی شرح بالترتیب 23اور 22فیصد تھی جبکہ آج وفاقی حکومت ڈیزل پر 98فیصد مٹی کے تیل پر 61فیصد اور پٹرول پر 52فیصد تک کے ٹیکسز وصول کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو فروخت کی جانے والی قیمت سے اگر ٹیکس نکال دیا جائے تو ڈیزل کی قیمت 38مٹی کا تیل کی قیمت 26جبکہ پٹرول کی قیمت 47روپے رہ جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے عوام کی ان مشکلات کے حوالے سے بھرپور آواز اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے نتیجے میں آج تحریک انصاف کے مقامی رہنماؤں کا ایک اہم اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ تحریک انصاف وفاقی دارالحکومت اور گردونواح کے عوام کو ساتھ ملا کر آبپارہ چوک میں 6فروری کی دوپہر ایک پرامن مگر بھرپور احتجاج کرے گی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف آئینی اور جمہوری حدود کے اندر احتجاج کرے گی، تاہم اگر حکومت نے طاقت کے استعمال کے ذریعے عوام کے حق میں اٹھنے والی ہماری آواز کو دبانے کی کوشش کی تو نمٹنا جانتے ہیں۔ا نہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت عوام پر کیا جانے والا ظلم فوری طور پر بند کرے اور بجلی ، گیس اور تیل کی قیمتوں میں اضافے کے ذریعے عوام کی مشکلات بڑھانے کا سلسلہ فوری طور پر ترک کرے وگرنہ ایک روزہ احتجاج کو تحریک اور بعد ازاں دھرنے میں بدلنے پر بھی غور کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ اوگرا کی سفارشات کو رد کر کے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں وزیراعظم کی جانب سے محض پانچ روپے کی کمی کا اعلان قوم سے سنگین مذاق کے مترادف ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔