پی آئی اے کو دنیا کی بہترین ائیرلائن بنائیں گے،عابد شیرعلی،پی آئی اے احتجاج میں قیمتی جانیں ضائع ہونے پردکھ ہے، قاتلوں کو جلد گرفتار کر کے کٹہرے میں لاکر عبرتناک انجام پہنچایا جائیگا،وزیر مملکت

اتوار 7 فروری 2016 10:36

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 7فروری۔2016ء)وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف پی آئی اے کو دنیا کی بہترین ائیر لائن بنانا چاہتے ہیں تاکہ دنیا بھر کے افراد پی آئی اے کی کارکردگی نہ صرف سراہیں بلکہ اس سے پاکستان کا نام بھی روشن ہو۔ انہوں نے کہا کہ بعض عناصر ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت پی آئی اے کے کارکنوں میں غلط فہمیاں پیدا کر کے اپنی سیاست چمکانے کے درپے ہیں مگر ان کی خواہش کبھی پوری نہیں ہو گی۔

وزیر مملکت عابد شیر علی نے یہ بات فیصل آباد میں ایک تقریب کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ عابد شیر علی نے کہا کہ وزیراعظم نے خیبرپختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کو حکومت کرنے کا چانس دیا ہے انہیں ہمارا مشکور ہونا چاہئے اگر ہم چاہتے تو دیگر جماعتوں کے ساتھ خیبر پختونخوا میں حکومت قائم کر سکتے تھے اور اس سلسلہ میں دیگر جماعتوں کا وزیراعظم پر دباؤ بھی تھا مگر وزیراعظم نے اکثریت کی بناء پر انہیں خیبرپختونخوا میں حکومت کرنے کا موقع فراہم کیا تاکہ یہ اپنی کارکردگی بہتر بنا سکیں۔

(جاری ہے)

عابد شیر علی نے عمران خان کو مشورہ دیا کہ وہ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سے تھوڑی ٹریننگ لے لیں تاکہ انہیں سیاست اور تعمیراتی کاموں کو اجاگر کرنے کا موقع مل سکے۔خبر رساں ادارے کے مطابق عابد شیر علی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کراچی میں پی آئی اے کی ہڑتال کے دوران دو قیمتی جانیں ضائع ہوئی ہیں اس کا ہمیں دکھ ہے مگر حکومت ان نقاب پوش دہشت گردوں کو منظر عام پر لائے گی جن نقاب پوش کرائے کے قاتلوں نے کراچی پی آئی اے کے ملازمین کو فائرنگ کر کے ہلاک کیا ہے۔

انہیں کٹہرے میں لا کر عبرتناک انجام تک پہنچایا جائے گا۔ عابد شیر علی نے کہا کہ کراچی میں ان کو جہاز میں سفر کرنے سے روکا نہیں گیا تھا کیونکہ ٹریفک زیادہ ہونے کی وجہ سے وہ ٹریفک میں پھس گئے تھے جس کی وجہ سے وہ کراچی ائیر پورٹ پر لیٹ پہنچے۔ اس دوران جہاز روانگی کے لئے تیار تھا اس لئے یہ کہنا غلط ہے کہ انہیں جہاز کی انتظامیہ نے سوار ہونے سے روک دیا۔

متعلقہ عنوان :