ماضی کے حکمرانوں کی غلطیوں کا خمیازہ ہم آج بھگت رہے ہیں،آج کا پاکستان کل کے پاکستان سے کہیں زیادہ بہتر ہے،نواز شریف، الیکشن مہم کے دوران وعدوں کی جانب سے بڑھ رہے ہیں ،ملک کو اندھیروں سے نہ صرف نجات دلائیں گے بلکہ بجلی کی قیمتوں میں کمی کریں گے،گھریلو و صنعتی صارفین کے ساتھ ساتھ کاشتکاروں کو بھی فائدہ پہنچایا جارہا ہے ،پاکستان کی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے،ہم نے ملک میں امن قائم کیا اور دہشتگردوں کی کمر توڑی ہم اس آپریشن کو آخری حد تک لے کر جائیں گے،قطر کے ساتھ دوطرفہ تجارت 300 ملین ہے جو بڑھا کر ایک ہزار ملین ڈالر تک پہنچائیں گے ،پی آئی اے کو قطر ائیر ویز کی طرح جدید ائیر لائنز بنائیں گے ،دوحہ میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب، مختلف اعلیٰ شخصیات سے ملاقات میں گفتگو

جمعہ 12 فروری 2016 09:54

دوحہ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 12فروری۔2016ء)وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں کی غلطیوں کا خمیازہ ہم آج بھگت رہے ہیں،آج کا پاکستان کل کے پاکستان سے کہیں زیادہ بہتر ہے، الیکشن مہم کے دوران کئے گئے وعدوں کی جانب سے بڑھ رہے ہیں ،ملک کو اندھیروں سے نہ صرف نجات دلائیں گے بلکہ بجلی کی قیمتوں میں کمی کریں گے،گھریلو و صنعتی صارفین کے ساتھ ساتھ کاشتکاروں کو بھی فائدہ پہنچایا جارہا ہے ،پاکستان کی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے ،ورلڈ بینک کے صدر نے پاکستانی معیشت کی تعریف کی ہے،ملک میں سکیورٹی کے حوالے سے صورتحال خوش آئند ہے ، ہم نے ملک میں امن قائم کیا اور دہشتگردوں کی کمر توڑی ہم اس آپریشن کو آخری حد تک لے کر جائیں گے،قطر کے ساتھ دوطرفہ تجارت 300 ملین ہے جو بڑھا کر ایک ہزار ملین ڈالر تک پہنچائیں گے ،پی آئی اے کو قطر ائیر ویز کی طرح جدید ائیر لائنز بنائیں گے ،دوحہ میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کراچی سے لاہور موٹر وے بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے عوام کے ساتھ بہت ناانصافیاں کیں ، پاکستانی کمیونٹی کا قطر کی ترقی میں بہت بڑا کردار ہے ، میں نے امیر قطر سے پاکستانی کمیونٹی کی تعریف سنی تو مجھے فخر ہوا ، انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کے بارے میں میرے جذبات سچے ہیں اس میں کوئی بناوٹ نہیں ، وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستانیوں کا نام قطر میں مزید بلند ہونا چاہیے ، یہاں بہت سے پاکستانی کام کر رہے ہیں ان کی خدمات کا حکومتی سطح پر اعتراف کیا جانا قابل فخر ہے ،ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور قطر کے درمیان تجارت 300 ملین ڈالر کے گرد گھومتی ہے اس تجارت کو بڑھا کرایک ہزار ملین ڈالر تک لیکر جائیں گے ، وزیر اعظم نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں کی غلطیوں کا خمیازہ ہم آج بھگت رہے ہیں ، انہوں نے پاکستان کو روشنیوں سے محروم رکھا یہ کہاں کا انصاف تھا ،ایک وقت تھا کہ ہم ہمسائیوں سے آگے نکل گئے تھے اورآج ہم بہت پیچھے چلے گئے ہیں آخر کیوں؟ میں نے انتخابی مہم میں وعدہ کیا تھا کہ بجلی کی قیمت میں کمی کریں گے اور لوڈشیڈنگ ختم کریں گے اور آج ہم اس طرف سفر کر رہے ہیں ،سستی بجلی سے گھریلوں ،صنعتی اور کاشتکاروں کو فائدہ ہو رہا ہے ،تھر میں 1300 میگاواٹ بجلی کا کارخانہ لگایا جارہا ہے جو کوئلے سے بجلی پیدا کی جائے گی،ہمیں ایسے کام کرنے ہیں جس سے پوری قوم کو فخر ہو،وزیر اعظم نے چین کی تعریف کے سماں باندھتے ہوئے کہا کہ چین توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری پر مشکور ہیں ،ماضی میں بجلی کے کارخانے نہ لگنے سے ملک کو اندھیروں کا سامنا کرنا پڑا ،ایک وقت تھا پاکستان بجلی برآمد کرنے کا سوچ رہا تھا ، انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں آج سب سے زیادہ زرمبادلہ کے ذخائر ہیں ، گزشتہ تین سال کی نسبت پاکستان میں آج بہت زیادہ ترقی ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

آج کا پاکستان تین سال پہلے کے پاکستان سے بہت بہتر ہے، ورلڈ بینک کے صدر نے بھی پاکستان کی معیشت کی تعریف کی اس کے علاوہ ڈیووس کے بانی نے بھی پاکستانی معیشت میں بہتری کا اعتراف کیا ، آج ہم ترقی کی منازل طے کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سکیورٹی کے حوالے سے صورتحال خوش آئند ہے ، ہم نے ملک میں امن قائم کیا اور دہشتگردوں کی کمر توڑی ہم اس آپریشن کو آخری حد تک لے کر جائیں گے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ کراچی کے حالات میں بھی بڑی بہتری آئی ہے جس کا اعتراف سب نے کیا ہے۔ ہم گوادر ائیر پورٹ بنا رہے ہیں ، جو دنیا کا خوبصورت ترین ایئرپورٹ ہوگا ، پی آئی اے بھی ترقی کی منازل طے کرے گی۔ ہم اپنی ایئرلائنز کو قطر کی ایئرلائنز کے برابر لائیں گے۔ ہم بہت جلد کراچی کو لاہور سے موٹر وے سے ملائیں گے اور چین کی سرحد سے ایبٹ آباد تک موٹر وے بنائیں گے ، ایک ایکسپریس وے کی تعمیر کی جائے گی جس سے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن ہونے میں مدد ملے گی ، انہوں نے کہا کہ ہم نے ماضی میں جو ترقیاتی کام کئے ان کو جاری نہیں رکھا گیا ، وزیر اعظم نے کہا کہ جے ایف 17تھنڈر طیاروں کا منصوبہ ہمارے پچھلے دور حکومت کا منصوبہ ہے جو ہم نے چین کے ساتھ ملکر شروع کیا تھا لیکن کسی حکومت نے اس پر توجہ نہیں دی ،اگر ہمیں اس وقت موقع دیا جاتا تو پاکستان زیادہ خوشحال ہوتا ۔

ادھر وزیراعظم محمد نوا زشریف نے کہا کہ قطر اور پاکستان کے درمیان ہونے والے ایل این جی معاہدے سے دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہونگے ،پاکستان قطر کے ساتھ قریبی دوستانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے قطر کے شاہی خاندان کے رکن شیخ خالد بن حمد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ہے ۔وزیراعظم محمد نواز شریف اور شاہی خاندان کے رکن میں ملاقات 30منٹ تک جاری رہی جس میں دو طرفہ تعلقات ، توانائی ، تجارت ، ایل این جی ، سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے ، اس موقع پر وزیر اعظم کے ہمرا ہ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار ، وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی ، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے ،ملاقات میں وزیراعظم نے کہا کہ ایل این جی معاہدے سے پا ک قطر دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہونگے پاکستان قطر کے ساتھ قریبی دوستانہ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے ،اور مختلف شعبوں میں تعاون کو فرغ دینا چاہتا،انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقعہ ہیں ، قطر توانائی ،زراعت ، لائیوسٹاک سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کر سکتاہے، ملک کے حالات بہتر ہو گئے ہیں ،دہشتگردی کو ختم کر کے غاروں تک محدود کر دیا ہے ، سرمایہ کاروں کے لیے پاکستان میں پر امن اور ساز گار ماحول موجود ہے ،ہماری خواہش ہے قطر پاکستان میں موجود سرمایہ کاری کو مواقعوں سے فائدہ اٹھائے، اس موقع پر شاہی خاندان کے رکن شیخ خالد بن حمد نے وزیراعظم کو قطر آمد پر خوش آمدید کہا اور دورہ کرنے پر شکریہ ادا کیا انہوں نے کہا کہ قطر پاکستانیوں کا دوسرا گھر ہے ،قطر پاکستان کی افرادی قوت سے بھر پور فائدہ اٹھا رہا ،قطر کی ترقی میں پاکستانیوں کا کردار قابل تعریف ہے ۔

پاکستان سے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیئے جائیں گے۔جبکہ پاکستان نے قطر کے سرمایہ کاروں کو زراعت ،لائیو سٹاک سمیت مختلف شعبوں سرمایہ کاری کی پیشکش کی اور انہیں فول پروف سکیورٹی سمیت تمام سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے ،جمعرات کے روز وزیر اعظم نواز شریف سے قطر انوسٹمنٹ اتھارٹی کے سربراہ شیخ عبداللہ بن سعود بن نصیر الثانی نے ملاقات کی ، اس موقع پر قطر کے سرمایہ کاروں کے وفد کے علاوہ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار ، وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی ، وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے ،وزیراعظم نے قطر سرمایہ کاروں کو پاکستان میں زراعت اور لائیو سٹاک سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی پیش کش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے پر امن اور ساز گار ماحول موجود ہے ،ملک میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو پر کشش مراعات دی جار ہی ہیں ، قطر انوسٹمنٹ اتھارٹی پاکستان میں سرمایہ کاری کے موجود مواقعوں سے فائدہ اٹھائے۔

انہوں نے کہا کہ ملک سرمایہ کاری کا فروغ موجود حکومت کے ایجنڈے میں سر فہرست ہے اور اس کو مزید بڑھانے کے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں ، پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو پر کشش مرعات دی جار ہی ہیں ، ملک میں سرمایہ کاری کے لیے پر امن اور ساز گا ر ماحول موجود ہے ، ملک میں دہشت گردی کو کنڑول کر لیا ہے ، سرمایہ کاروں کو خصوصی طور پر سکیورٹی دی جا رہی ہے ،وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی پر خصوصی دے رہی ہے ،قطر کی سرمایہ کار اتھارٹی پاکستان سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائے ،قطر کے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کریں فول پروف سکیورٹی کے ساتھ ساتھ تمام ضروری سہولیات فراہم کریں گے ۔