بان کی مون کا وزیراعظم نواز شریف کو فون،ا قوام متحدہ کی پاکستان سے ایران سعودی عرب تنازعہ کے حل میں کردار کی اپیل

ہفتہ 13 فروری 2016 09:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 13فروری۔2016ء) اقوام متحدہ نے پاکستان سے ایران سعودی عرب کے درمیان تنازعہ کو حل کرانے میں کردار ادار کرنے کی اپیل کی ہے ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے وزیراعظم نواز شریف کو فون کیا۔ فون پر دونوں رہنماؤں نے خطے‘ پاک افغان اور ایران سعودی عرب کے درمیان کشیدگی سے متعلق معاملے پر خصوصی طور پر بات چیت کی۔

(جاری ہے)

بان کی مون نے انہیں بتایا کہ پاکستان کا سعودی عرب اور ایران دونوں کے ساتھ خوشگوار اور قریبی تعلقات ہیں پاکستان دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی دور کرنے میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے بعد ازاں وزیراعظم نواز شریف نے اپنے دورہ ایران سعودی عرب کے حوالے سے آگاہ کیا اور انہیں یقین دلایا کہ پاکستان مسلم برادر ایران سعودی عرب کے درمیان معاملات کو پر امن طریقے سے حل کرنے کا خواہاں ہے اور پاکستان ہر قسم کے تعاون کیلئے تیار ہے۔ بان کی مون نے کہا کہ اچھے لیڈر معاملات حل کرا سکتے ہیں۔