پنجاب میں کالعدم تنظیموں کیخلاف بڑے پیمانے پر آپریشن کا فیصلہ،یہ فیصلہ آئی جی پنجاب مشتاق احمدسکھیرا اوراعلیٰ عسکری قیادت کے درمیان ملاقات میں کیا گیا

اتوار 21 فروری 2016 10:56

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 21فروری۔2016ء) عسکری حکام نے پنجاب بالخصوص جنوبی علاقوں میں کالعدم تنظیموں کیخلاف بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ،یہ کارروائی نیشنل ایکشن پلان کا حصہ ہوگی ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب کے انسپکٹر جنرل پولیس مشتاق احمد سکھیرا اور ایک سینیئر صوبائی سیکریٹری نے راولپنڈی میں اعلیٰ عسکری حکام سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

ہفتہ کے روز آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا اور صوبائی سیکرٹری خصوصی طیارے کے ذریعے تقریباً ایک بجے بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ اسلام آباد پہنچے، جہاں سے وہ آرمی افسران سے ملاقات کے لیے راولپنڈی روانہ ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق دو گھنٹے تک جاری رہنے والی ملاقات کے دوران سکیورٹی امور پر بات چیت کی گئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں شخصیات نے عسکری حکام کو پنجاب پولیس کی جانب سے نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کے سلسلے میں اْٹھائے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔جس پر سینئر عسکری حکام نے صوبے میں آپریشن میں مزید جدت اور تیزی لانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔رپورٹ کے مطابق جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں کارروائی کی جائے گی جہاں پر کالعدم تنظیموں کے کارندے چھپے ہوئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :