انتخابی اصلاحات کمیٹی کا اجلاس، الیکشن کمیشن کو الیکٹرانک ووٹنگ مشین تجرباتی بنیادوں پر آزمانے کی ہدایت،بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے لئے تجرباتی بنیادوں پر آ ن لائن اور سمارٹ فون کے طریقہ کار کو آزمایا جائے گا،الیکشن کمیشن 400 الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی خریداری کے لئے اگلے ہفتے ٹینڈر جاری کریگا بائیو میٹرک سسٹم کے استعمال پر بھی اتفاق

جمعرات 25 فروری 2016 09:24

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 25فروری۔2016ء)انتخابی اصلاحات کی سب کمیٹی نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور بائیو میٹرک سسٹم کو تجرباتی بنیادوں پر آزمانے کے لئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کر دی ہے ،بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے لئے تجرباتی بنیادوں پر آ ن لائن اور سمارٹ فون کے طریقہ کار کو آزمایا جائے گا، الیکشن کمیشن آف پاکستان 400 الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی خریداری کے لئے اگلے ہفتے کے دوران ٹینڈر جاری کرے گاجبکہ بائیو میٹرک سسٹم کے استعمال پر بھی اتفاق رائے طے پاگیا ہے ،سب کمیٹی کے کنوینئرزاہد حامد نے صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اجلاس میں سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے ،الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور بائیو میٹرک سسٹم کے استعمال اور امیدواروں کو تصاویر لگی ووٹر لسٹیں فراہم کرنے کے ایجنڈے پر غور کیا گیا ہے اور یہ طے ہوا ہے کہ امیدواروں کو صرف مرد وں کی تصاویر والی ووٹر لسٹیں فراہم کی جائیں گی جبکہ خواتین کی تصاویر والی ووٹر لسٹیں فراہم نہیں کی جائیں گی انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن کے حکام نے اجلاس کو بتایا ہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی تجرباتی بنیادوں پر خریداری کیلئے طریقہ کار طے کر لیا گیا ہے اور اگلے ہفتے 400ای وی ایم مشینوں کی خریداری کیلئے ٹینڈر جاری کر دئیے جائیں گے جنہیں رواں سال ستمبر کے بعد کسی بھی ضمنی انتخاب کے موقع پر تجرباتی بنیادوں پر استعمال کیا جائے گا اسی طرح کمیٹی نے بائیو میٹرک مشینوں کی تشریح پر بھی الیکشن کمیشن کے حکام متفق ہوچکے ہیں اور تجرباتی بنیادوں پر یہ مشینیں بھی منگوائی جائیں گی انہوں نے بتایا کہ کمیٹی نے بیرون ممالک پاکستانیوں کو آ ن لائن اور موبائل سسٹم کے زریعے ووٹ کا حق دینے کے سلسلے میں یو این ڈی کے وفد نے کمیٹی کو بریفنگ دی ہے کہ اس سلسلے میں دیگر ممالک کیا اقدامات اٹھارہے ہیں اسی طرح انتخابی اصلاحات کی دوسری سب کمیٹی کو ایک غیر ملکی کمپنی سے آ ن لائن ووٹنگ کے سلسلے میں بریفنگ دی ہے موجودہ کمیٹی نے بھی یہ فیصلہ کیا ہے کہ اس کمیٹی کی جانب سے تجرباتی بنیادوں پربیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کو انتخابات میں ووٹنگ کرائی جائے گی انہوں نے بتایاکہ اجلاس میں انتخابی اصلاحات کے ڈرافٹ کا بھی جائزہ لیا گیا ہے ۔