محکمہ داخلہ پنجاب نے پٹھان کوٹ حملے کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی تشکیل دیدی،مشترکہ تحقیقاتی ٹیم پٹھان کوٹ حملے سے متعلق گوجرانوالہ میں درج مقدمے پر تحقیقات کرے گی

جمعہ 26 فروری 2016 10:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 26فروری۔2016ء ) محکمہ داخلہ پنجاب نے پٹھان کوٹ حملہ کیس میں تفتیش کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دے دی جو واقعہ سے متعلق گوجرانوالہ پر درج مقدمے پر تحقیقات کرے گی۔نجی ٹی وی کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب نے پٹھان کوٹ حملہ کیس میں تفتیش کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دے دی ہے جو 5 افراد پر مشتمل ہے جب کہ کمیٹی میں پولیس اور حساس اداروں کے افسران شامل ہیں۔

(جاری ہے)

مشترکہ تحقیقاتی ٹیم میں میں ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی رائے طاہر بھی شامل ہیں دیگر اراکین میں ڈپٹی ڈائریکڑ انٹیلی جنس بیورو لاہور محمد عظیم ارشد، حساس ادرے کے لیفٹینٹ کرنل تنویر احمد اور لیفٹیننٹ کرنل عرفان مرزا جبکہ سی ٹی ڈی کے انسپکٹر شاہد تنویر شامل ہیں۔ ٹیم پٹھان کوٹ حملے سے متعلق گوجرانوالہ درج ہونے والے مقدمے پر تحقیقات کرے گی۔ یہی کمیٹی بھارتی حکام سے مل کر پٹھان کوٹ کے واقعے پر تحقیقات بھی کرے گی۔واضح رہے بھارتی ایئربیس پٹھان کوٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں بھارت کے 7 فوجی ہلاک ہوئے تھے اور 4 دن تک جاری رہنے والے مقابلے میں حملے کے چاروں دہشت گرد بھی مارے گئے تھے۔