اقتصادی تاریخ میں اپنی نوعیت کا بڑا معاہدہ،ڈیری مصنوعات تیار کرنے والی ڈچ کمپنی پاکستان میں پرائیویٹ سیکٹر کے ایک ادارے کو نصف بلین ڈالر کے عوض خرید ے گی

ہفتہ 5 مارچ 2016 08:22

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5مارچ۔2016ء)ڈیری مصنوعات تیار کرنے والی ایک ڈچ کمپنی پاکستان میں پرائیویٹ سیکٹر کے ایک ادارے کو نصف بلین ڈالر کے عوض خرید ے گی۔ یہ غیر ملکی خریداری پاکستان کے اقتصادی تاریخ میں اپنی نوعیت کا سب سے بڑا معاہدہ ہوگا۔میڈیا روپوٹس کے مطابق دودھ سے مختلف مصنوعات تیار کرنے والی ہالینڈ کی جو کمپنی ایک پاکستانی ادارے کو خریدنا چاہتی ہے، اس کا نام فریزلینڈ کامپینا انٹرنیشنل ہولڈنگ ہے اور وہ اشیائے خوراک تیار کرنے والے ایک بہت بڑے پاکستانی ادارے اینگرو فوڈز لمیٹڈ کو خریدنے کی تیاریاں کر رہی ہے۔

اینگرو فوڈز پاکستان میں اپنے شعبے کی ایک بہت بڑی نجی کمپنی ہے، جسے خریدنے کے لیے فریزلینڈ کامپینا کی طرف سے اس ادارے میں قریب 460 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔

(جاری ہے)

اس کے جواب میں اس ڈچ ڈیری پراڈکٹس کمپنی کو اینگرو فوڈز کے 51 فیصد حصص حاصل ہو جائیں گے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کہ قریب نصف بلین امریکی ڈالر کے عوض فریزلینڈ کامپینا کا اس طرح اینگرو فوڈز کو خرید لینا پاکستانی معیشت کی تاریخ میں نجی شعبے کے کسی ملکی ادارے کی کسی غیر ملکی کمپنی کو فروخت کا آج تک کا سب سے مہنگا کاروباری سودا ہو گا۔

پاکستانی اسٹاک ایکسچینج (PSX) میں حصص کی تجارت کے حوالے سے اینگرو فوڈز کا شمار ملک کی سب سے بڑی listed کمپنیوں میں ہوتا ہے۔ اینگرو فوڈز کے فریزلینڈ کامپینا کی طرف سے آئندہ تقریبا یقینی طور پر خرید لیے جانے کی اطلاع جمعرات تین مارچ کو اس سٹاک ایکسچینج کی ویب سائٹ پر ایک نوٹیفیکیشن کے ذریعے دی گئی۔بتایا گیا ہے کہ اس ڈیل کے نتیجے میں اینگرو فوڈز کے حصص کی موجودہ قدر و قیمت کے مطابق اسے خریدنے والی ڈچ کمپنی اس میں کم از کم بھی 460 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔

اے ایف پی کے مطابق اگر فریزلینڈ کامپینا کی طرف سے اینگرو فوڈز کو خرید لینے کی یہ ڈیل اپنی کامیاب تکمیل تک پہنچ گئی، تو اس سے پاکستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو بھی بہت فروغ ملے گا، خاص طور پر اس وجہ سے بھی کہ موجودہ مالی سال کے پہلے سات ماہ کے دوران پاکستان میں براہ راست بیرونی سرمایہ کاری یا FDI کی شرح 57 فیصد کم ہو کر صرف 336 ملین ڈالر رہ گئی تھی۔

متعلقہ عنوان :