پاکستان اور بھارت تجارت میں نان ٹیرف رکاوٹیں دور کرنے پر توجہ دیں، خرم دستگیر خان ، افغانستان کو گزشتہ سال دی گئی سہولیات کی بدولت پاکستان کے راستے افغان ٹرانزٹ کارگو کے کنٹینرز میں اضافہ ہوا ہے،حکومت کا ویژن علاقائی تجار ت میں اضافے کے ذریعے خطے میں مشترکہ معاشی خوشحالی کا حصول ہے،اس سال سعودی عرب میں پاکستانی پراڈکٹس کی تشہیر کیلئے وسیع پیمانے پر مارکیٹنگ مہم شروع کی جائے گی،پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری کے حصول کیلئے اسلام آباد میں سعودی سرمایہ کاروں کیلئے کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا، انھیں پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے آگاہ کیا جائے گا،وفاقی وزیر تجارت کی بھارتی ہائی کمشنر ،ا فغان و سعودی سفیر وں سے ملاقا ت

منگل 8 مارچ 2016 10:18

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 8مارچ۔2016ء)وفاقی وزیر تجارت انجنئیر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت تجارت میں نان ٹیرف رکاوٹیں دور کرنے پر توجہ دیں، افغانستان کو گزشتہ سال تجارت میں دی گئی سہولیات کی بدولت پاکستان کے راستے افغان ٹرانزٹ کارگو کے کنٹینروں میں اضافہ ہوا ہے، حکومت کا ویژن علاقائی تجار ت میں اضافے کے ذریعے خطے میں مشترکہ معاشی خوشحالی کا حصول ہے ، اس سال سعودی عرب میں پاکستانی پراڈکٹس کی تشہیر کیلئے وسیع پیمانے پر مارکیٹنگ مہم شروع کی جائے گی، پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری کے حصول کیلئے اسلام آباد میں سعودی سرمایہ کاروں کیلئے ایک کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا جس میں انھیں پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے آگاہ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر نے پیر کوپاکستان میں متعین بھارتی ہائی کمشنر گوتم بمباوالا ، افغانستان کے سفیر عمرزخلوال اور سعودی عرب کے سفیر عبداللہ مرزوک الزہرانی سے علیحدہ علیحدہ ملاقا ت میں کیا ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں ممالک کے تاجروں کی سہولت کیلئے مر حلہ وار نان ٹیرف رکاوٹیں دور کرنے پر توجہ دیں۔تاجروں کیلئے آسان ویزے کا حصول ، بینکنگ سیکٹر میں تعاون او رتاجروں کو باہمی تجارت میں درپیش مسائل کے حل کیلئے منصوبہ بندی کرنی چاہئے۔

گزشتہ سال بھار ت میں ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے تحت ہونے والی نمائش میں پاکستانی گارمنٹس کو بہت پذیرائی ملی ،ایسی نمائشوں کا تواتر سے انعقاد کیا جائے گا۔بھارتی ہائی کمشنر نے وفاقی وزیر کو آگاہ کیا کہ گزشتہ چند ماہ سے بھارت پاکستانی کاروباری حضرات کو تین سال کا ملٹی پل انٹری ویزہ جاری کر رہا ہے جو باہمی تجار ت میں اضافے کا پیش خیمہ ثابت ہو گا۔

افغان سفیر سے گفتگو میں وفاقی وزیر نے کہا کہ دونوں ممالک کے تاجروں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا جائے گا جس میں تمام سٹیک ہولڈرز کو مدعو کیا جائے گا اور تجارتی سہولت کیلئے موقع پر فیصلے لئے جائیں گے۔انھوں نے کہا کہ چین پاکستان اکنامک کاریڈور کے تحت گوادر چمن روڈ کے قیام سے افغانستان اور وسطی ایشیائی ممالک کو سمندر تک رسائی کا ایک مختصر راستہ میسر ہو گا جس کے ذریعے دنیا سے تجارت میں آسانی ہو گی۔

سعودی سفیر سے ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے کہا کہ سعودی عرب میں مارکیٹنگ مہم کے ذریعے جنوبی ایشیائی اور مقامی سعودی آبادی کو پاکستانی پراڈکٹس سے آگاہی فراہم کی جائے گی ۔پاکستان میں متعین ازبکستان کے سفیر نے وفاقی وزیر سے ملاقات کے دوران بتایا کہ اس سال 20جولائی سے ہفتے میں دو مرتبہ لاہور تاشقند براہ راست پروازیں شروع کر دی جائیں گی،جس میں کارگو پروازیں بھی شامل ہوں گی،براہ راست پروازوں کی بدولت ایگریکلچر اور فوڈ پراڈکٹس کی تجارت میں آسانی ہو گی۔

ازبک سفیر نے کہا کہ ازبکستان میں دنیا کی بہترین کوالٹی کپاس پیدا ہوتی ہے، پاکستانی ٹیکسٹائل صنعتیں جو مغرب کی فیشن انڈسٹری کیلئے مینوفیکچرنگ کرتی ہیں ازبک کپاس اعلیٰ ریشے سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں، انھوں نے کہا کہ ازبکستان اس سال پاکستان میں ازبک زرعی مشینری کی نمائش کرے گا جس میں ہر طرز کے زرعی آلات اور مشینری نمائش کیلئے رکھے جائیں گے۔