انتخابی اصلاحات ذیلی کمیٹی کی امیدواروں کو خواتین کی تصاویر والی ووٹر لسٹیں فراہم نہ کرنے اورمردووٹرز کی تصاویر والی لسٹیں فراہم کرنے کی شفارش ، سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کیلئے انٹرنیٹ اور موبائل فون کے استعمال پرغور، الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں اور بائیو میٹرک سسٹم کی خریداری کے لئے الیکشن کمیشن کے حکام اگلے ہفتے ٹینڈر جاری کریں گے ،کنونئیر زاہد حامد

بدھ 16 مارچ 2016 09:55

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 16مارچ۔2016ء) انتخابی اصلاحات کی ذیلی کمیٹی کے کنونئیر زاہد حامد نے بتایا ہے کہ امیدواروں کو خواتین کی تصاویر والی ووٹر لسٹیں فراہم نہ کرنے اورمردووٹرز کی تصاویر والی لسٹیں فراہم کرنے کی شفارش کی ہے ، سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کیلئے انٹرنیٹ اور موبائل فون کے استعمال پرغور کیا گیا ہے ، الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں اور بائیو میٹرک سسٹم کی خریداری کے لئے الیکشن کمیشن کے حکام اگلے ہفتے ٹینڈر جاری کریں گے انتخابی اصلاحات کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا اجلاس کے اجلاس کے بعد صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کمیٹی کے کنوینیر زاہد حامد نے بتایاکہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ تمام امیدواروں کومرد ووٹر کی تصاویر والی انتخابی فہرستیں فراہم کی جائیں گی تاہم خواتین کی تصاویر والی انتخابی فہرستیں فراہم نہیں کی جائیں گی اور خواتین کی تصاویر والی فہرستیں صرف پریذائڈنگ افسران کے پاس ہونگی انہوں نے بتایاکہ تمام ووٹر لسٹوں پر ان کی اشاعت کی تاریخ بھی درج کی جائے گی انہوں نے بتایا کہ سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے لئے انٹرنیٹ اور موبائل فون کے استعمال پر ڈاکٹر عارف علوی کی سربراہی میں قائم کمیٹی نے اپنی رپورٹ پیش کی ہے اور کمیٹی کی رپورٹ پر الیکشن کمیشن تجرباتی بنیادوں پر سمندر پار پاکستانیوں کی ووٹنگ کرانے کا بندوبست کرے گا انہوں نے بتایاکہ الیکشن کمیشن کے حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ انتخابات میں الیکٹرانیک ووٹنگ مشینوں اور بائیو میٹرک سسٹم کی خریداری کیلئے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئیں ہیں اور اگلے ہفتے ٹینڈر جاری کئے جائیں گے جبکہ امیدواروں کو ووٹر لسٹوں کی سافٹ کاپی فراہم نہ کرنے پر کمیٹی نے اگلے اجلاس میں سیکرٹری داخلہ اور چیرمین نادرہ کو طلب کر لیا ہے انہوں نے بتایاکہ کمیٹی نے انتخابی قوانین ایکٹ کو حتمی شکل دیدی ہے اور اب اس کی اخری چھان بین کی جا رہی ہے جس کے بعد اسے ایوان میں منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا۔