لگتا ہے پرویز مشرف کے باہر جانے پر نواز شریف راضی ہیں،سید خورشید شاہ،ہائی پروفائل کیس میں بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کی ذمہ داری سپریم کورٹ کی ہے،اپوزیشن لیڈر

جمعرات 17 مارچ 2016 09:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 17مارچ۔2016ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا ہے کہ ہائی پروفائل کیس میں بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کی ذمہ داری سپریم کورٹ کی ہے وفاقی حکومت نے ذہانت کا مظاہرہ کرتے ہوئے معاملہ اپنے اوپر آنے نہیں دیا مجھے تو لگتا ہے کہ پرویز مشرف کے باہر جانے پر نواز شریف خود رضامند ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز سابق صدر پرویز مشرف کو بیرون ملک جانے کی اجازت پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

خورشید شاہ نے کہا کہ پرویز مشرف کو بیرون ملک اجازت دینے کا فیصلہ سرآنکھوں پر ہے ہائی پروفائل کیس میں بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کی ذمہ داری سپریم کورٹ کی ہے حکومت نے ذہانت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس کیس کو اوپر آنے ہی نہیں دیا ہے انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے آئین میں آرٹیکل 6 شامل کرایا لیکن آئین انہیں پھانسی سے نہیں بچا سکا انہوں نے مزید کہاکہ یہ مجھے تو لگتا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 6 سے بھی طاقتور کوئی بیٹھا ہے اور پرویز مشرف کے باہر جانے پر نواز شریف خودرضامند ہیں جب نواز شریف خود رضامند ہیں تو باقی پارٹیاں کیا کرسکتی ہیں ۔