”ناداں گرگیا سجدے میں ،جب وقت قیام آیا“مشرف روانگی کے سوال پر عمران خان کا جواب،وزیر اعظم آرٹیکل 6 پر بہت چیخ رہے تھے ،اچانک اتنا پیار آیا کہ مشرف کوباہر بھیج دیا،بھارت میچ دیکھنے جارہا ہوں،طاہر القادری کی موجودگی کا کوئی علم نہیں،سربراہ تحریک انصاف کی بھارت روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 19 مارچ 2016 09:33

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 19مارچ۔2016ء)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے پرویز مشرف کی دبئی روانگی پر لاعلمی کا اظہار کیا اور پھر دھیمی مسکراہٹ میں شعرپڑھا”ناداں گرگیا سجدے میں ،جب وقت قیام آیا“جمعہ کے روز بھارتی روانگی سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے پرویز مشرف کو ملک سے باہر جانے کی اجازت کیسے دی ،وزیر اعظم سے پوچھتا ہوں کہ آرٹیکل 6 سے متعلق وہ اتنا کیوں چیخ رہے تھے ،یہ اچانک کیا ہوا کہ نواز شریف کو پرویز مشرف پر اتنا پیار آگیا کہ اسے بیرون ملک جانے کی اجازت دیدی۔

صحافی کے سوال پر عمران خان نے حیران ہو کرکہا کیا پرویز مشرف بیرون ملک الوداع ہوگئے ہیں ،یہ سب کیسے ہوگیا ہے ،عمران خان نے کہا ہے کہ بھارت صرف میچ دیکھنے جا رہا ہوں، وہاں طاہر القادری کی موجودگی کا کوئی علم نہیں، شیخ رشید نے ہمارے ساتھ جانا تھا تاہم وہ پہلے چلے گئے ، طاہر القادری سے ایسی کوئی بات نہیں کرنی جو صرف بھارت میں کی جائے،اب جدید دور ہے باتیں فون پر ہوجاتی ہیں ،شاہد آفرید ی نے فون کر کے کہا تھا بڑا میچ ہے رہنمائی کریں کولکتہ جا کرٹیم سے ملاقات کروں گا اور اپنے تجربات کی روشنی میں مشورہ دوں گا ۔

(جاری ہے)

عمران خان نے کہا کہ دھرم شالہ سے میچ کی کولکتہ منتقلی اچھا فیصلہ ہے ، ٹیم پریشر سے باہر آ گئی ہے ، بھارت پہنچنے پر پاکستانی ٹیم کا بھر پور خیر مقدم کیا گیا ہے ،ہماچل پردیش کے وزیر اعلیٰ کا بیان افسوس ناک اورمہمان نوازی کے اصولوں کیخلاف ہے ، ایسے بیانات قوموں کو تقسیم کرتے ہیں ، لیڈر قوموں کو جوڑنے کی بات کرتے ہیں تقسیم کرنے کی نہیں ۔

عمران خان نے کہا کہ دنوں ممالک میں خوشگوار تعلقات ہونے چاہئیں ، ہمسائے ممالک سے تجارت مفید ہے لیکن یہ تجارت باوقار ہونی چاہیے ، دنوں ممالک کے درمیان تنازع کی بنیادی وجہ مسئلہ کشمیر ہے ،ان کا حل دونوں ممالک کے لیے ناگزیر ہے ۔کشمیریوں نے اپنے حق خودارادیت کے لیے لاکھوں جانوں کی قربانیاں دی ہیں ہم انکی قربانیوں کو پس پشت ڈال کر بھارت سے تجارت یا دوستی نہیں کر سکتے ،انہوں نے کہا کہ پاک بھارت میچ اہم ہے جب بھی پاکستان کا بھارت سے میچ ہوتا ہے تو ٹیم پریشر میں ہوتی ہے ، کولکتہ جا کر ٹیم کا پریشر کم کرنے کی کوشش کروں گا ۔