بلاول ابھی بچہ ہے جب بڑا ہو گا تو پھر اس کی بات پر بات کریں گے،سعد رفیق، ہمیں قائد عوام کا دورہ بھی یاد ہے،مشرف عدالت سے واپسی کا وعدہ کرکے گئے ہیں انہیں اپنے وعدے کی پاسداری کرنی چاہئے ،نئے مالی سال میں 6مسافر ٹرینوں کی آپ گریڈیشن کی جائے گی آپ گریڈیشن کے ا خراجات ریلوے کی آمدن ہی سے نکالے جاتے ہیں ان اخراجات کو پورا کرنا بھی ریلوے حکام کی ذمہ داری ہے،پاکستان ریلویز نے اپنی پسنجر ٹرینوں کو اپ گریڈ کرنے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے،قراقرم ایکسپریس ، بزنس ایکسپریس اور کراچی ایکسپریس کو اب تک اپ گریڈ کردیا گیا ہے،، وفاقی کی ریلوے اسٹیشن پر کراچی ایکسپریس کے اپ گریڈ ریک کے افتتاح کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو

ہفتہ 19 مارچ 2016 09:46

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 19مارچ۔2016ء )پاکستان ریلویز کے وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ابھی بچہ ہے جب بڑا ہو گا تو پھر اس کی بات پر بات کریں گے ہمیں قائد عوام کا دورہ بھی یاد ہے سابق صدر پرویز مشرف عدالت سے واپسی کا وعدہ کرکے گئے ہیں انہیں اپنے وعدے کی پاسداری کرنی چاہئے نئے مالی سال میں 6مسافر ٹرینوں کی آپ گریڈیشن کی جائے گی آپ گریڈیشن کے ا خراجات ریلوے کی آمدن ہی سے نکالے جاتے ہیں ان اخراجات کو پورا کرنا بھی ریلوے حکام کی ذمہ داری ہے۔

پاکستان ریلویز نے اپنی پسنجر ٹرینوں کو اپ گریڈ کرنے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ قراقرم ایکسپریس ، بزنس ایکسپریس اور کراچی ایکسپریس کو اب تک اپ گریڈ کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اِن خیالات کا اظہار وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے لاہورریلوے اسٹیشن پر کراچی ایکسپریس کے اپ گریڈ ریک کے افتتاح کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کے دوران کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ کراچی ایکسپریس کی اپ گریڈیشن پر ساڑھے چھ کروڑ روپے کی لاگت آئی ہے۔

اس ٹرین میں وائی فائی، ایل ای ڈی، منرل واٹر، ہر کوچ میں صفائی کیلئے علیحدہ سے مختص عملہ، جدید سہولتوں سے آراستہ واش روم سمیت، پبلک ایڈریس سسٹم متعارف کرائے گئے ہیں۔ اس ٹرین کا کرایہ بزنس ایکسپریس کے کرایے کے برابر ہے اور اس ٹرین سے یومیہ ساڑھے انتالیس لاکھ روپے آمدن متوقع ہے۔ اگلے ماہ موسیٰ پاک کو اپ گریڈ کر رہے ہیں ، پنڈی اور ملتان کیلئے اس کا ایک ایک اضافی ریک تیار کر رہے ہیں۔

دوسری تجویز میں اس ٹرین کو سمہ سٹہ بہاولپور تک بڑھانے کا منصوبہ بھی زیرغور ہے۔ پاکستان ایکسپریس کو بھی اپ گریڈ کررہے ہیں یہ بھی ایک اہم ٹرین ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ نئے مالی سال میں مزید چھ ٹرینوں کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔ ٹرینوں کی بوسیدہ حالت کو آہستہ آہستہ ٹھیک کیاجارہا ہے۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ ملازمین کو ڈیتھ پیکج پر ریلوے کو ایک سال میں ڈیڑھ ارب کا فرق پڑتا ہے۔

سٹیل شاپ کو ری پینٹ کریں گے۔ ریلوے اسٹیشنوں کو بھی اپ گریڈ کریں گے ۔9اسٹیشنوں کی اپ گریڈیشن کا کام شروع ہوگیا ہے۔ 200لوکوموٹیوز کا پی سی ون تیار کر رہے ہیں۔ یہ آئندہ پانچ سالوں میں مکمل ہوجائے گا۔ 75فیصد لوکوموٹیوز یہاں تیار کیے جائیں گے جس کے لیے کیرج ورکشاپ اور لوکوموٹیوورکشاپ کی استعدادِ کارکو بڑھایاجائے گا۔ ملازمین کی پروموشن میں بہت ناانصافیاں کی گئی ہیں ، ہم ریلوے سروس سٹرکچر کی طرف آگے بڑھ رہے ہیں۔

لینڈ مینجمنٹ کو اربن یونٹ نے آگے بڑھایا ہے اور اس پر کافی حد تک کام ہوگیا ہے۔ سٹاف کوارٹر کی تعمیر بھی ہورہی ہے۔ وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے میڈیا کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ میڈیا نے بہت اچھا کردار ادا کیا ہے اور محکمہ کے مثبت پہلووٴں کو اجاگر کیا ہے۔ کرایوں میں اضافے کے سوال پر اُنہوں نے کہا کہ مسافروں کو بہترین سفری سہولتیں مہیا کرنے کیلئے ملازمین میں 40کروڑ روپے تقسیم کیے گئے ہیں اورسروس میں بہتری کے پیسے لے رہے ہیں، کرایہ نہیں بڑھایا۔

ای ٹکٹنگ نظام کا ٹینڈر UBLنے حاصل کیا ہے اور اس نظام کوعنقریب شروع کررہے ہیں جس کے بعد مسافر کسی بھی دُکان سے اپنی ٹکٹوں کی بُکنگ باآسانی کرواسکیں گے۔ اس موقع پر ریلوے کے سینئر جنرل منیجر محمد جاوید انور، ممبر فنانس غلام مصطفی، آئی جی ریلوے پولیس منیر احمد چشتی ، ایڈیشنل جنرل منیجر مکینکل لیاقت چغتائی اور ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ لاہور وقار احمد شاہد سمیت ریلوے کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :