پاکستان نے جوہری مواد کی حفاظت کے ترمیمی کنونشن 2005 ء کی توثیق کردی،صدر مملکت نے وزیراعظم کی ایڈوائس پر توثیق کے دستخط کردئیے

منگل 22 مارچ 2016 09:08

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 22مارچ۔2016ء) پاکستان نے جوہری مواد کی حفاظت کے ترمیمی کنونشن 2005 ء کی توثیق کردی۔ صدر مملکت نے وزیراعظم کی ایڈوائس پر توثیق کے دستخط کیے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ نیشنل کمانڈ اتھارٹی پہلے ہی ترمیمی کنونشن کی توثیق کیلئے اصولی منظوری دے کی ہے۔ کمانڈ اتھارٹی کا اجلاس گزشتہ ماہ وزیراعظم کی صدارت میں ہوا تھا۔

(جاری ہے)

ترمیمی کنونشن میں جوہری مواد سے متعلق حفاظتی امور طے کیے گیے ہیں عالمی کنونشن پہلی بار 8 فروری 1987 ء کو نافذ ہوا تھا۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ترمیمی کنونشن 2005 ء میں پر امن مقاصد کیلئے جوہری مواد کا استعمال شامل کیا گیا ہے۔ توثیق سے پاکستان نے جوہری تحفظ کیلئے اپنی اہلیت اور عزم کو اجاگر کردیا ہے۔ پاکستان ایک ایٹمی صلاحیت کا حامل ذمہ دار ملک ہے۔ پاکستان میں ایٹمی تحفظ کے اقدامات عالمی معیار کے ہیں۔