بلوچستان سے بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“کاحاضرسروس ایجنٹ بھوشن یادیوگرفتار،ایجنٹ بھارتی نیوی میں کمانڈرہے،گرفتاری سیکورٹی فورسزکااہم کارنامہ ،بلوچستان میں”را“کی مداخلت بے نقاب ہوگئی،وزیرداخلہ میرسرفرازبگٹی،وزیراعلیٰ بلوچستان نے بھارتی خفیہ ایجنسی کے حاضر سروس ایجنٹ کی گرفتاری کواہم پیش رفت قراردیا، سیکورٹی فورسزکی کارکردگی لائق تحسین، بلوچستان حکومت کا ہمیشہ سے یہ موقف رہا ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی را بلوچستان کے حالات کی خرابی میں ملوث ہے،نواب ثناء اللہ خان زہری

جمعہ 25 مارچ 2016 10:16

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 25مارچ۔2016ء )بلوچستان کے جنوبی علاقے سے بھارتی خفیہ ادارے ”را“ کے ایک حاضر سروس افسر کو گرفتار کیا گیا ہے وزیرداخلہ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بھارت نے ہمیشہ بلوچستان میں مداخلت کر کے غیر مستحکم کر نے کی کوشش کی ”را“ کے ایجنٹ کی گرفتاری بڑی کامیابی ہے ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ کے ایجنٹ بھوشن یادیو کو گرفتار کر لیا اور”را“ کا گرفتار ایجنٹ بھارتی نیوی میں کمانڈر ہے وزیر داخلہ میر سرفرازبگٹی نے بات چیت کر تے ہوئے کہا کہ بھارتی ایجنٹ کے گرفتاری کو سیکورٹی فورسز کا اہم کارنامہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے اداروں نے بھارتی ایجنٹ کو گرفتار کر کے ”را“ کے مداخلت کو بلوچستان میں بے نقاب کر دیا اور بھارت نے ہمیشہ بلوچستان کو غیر مستحکم کر نے کی کوشش کی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ہے کہ ”را“ کے ایک حاضر سروس افسر جنوبی بلوچستان سے پکڑے گئے ہیں انھوں نے بتایا کہ ”را“ کے افسر کی گرفتاری سے یہ بات ثابت ہوگئی کہ بلوچستان میں حالات بیرونی مداخلت بالخصوص ”را“ کی وجہ سے خراب ہیں ”را“ کے ایجنٹ کے علیحدگی پسندوں سے روابط تھے میں روز اول سے کہہ رہا ہوں کہ بلوچستان میں ”را“ کام کر رہی ہے تو سب لوگ مجھ سے ثبوت مانگتے تھے۔

اب اس سے بڑھ کر اور کیا ثبوت ہوگا کہ ان کا ایک افسر بلوچستان میں بیٹھ کر کام کر رہا ہے۔خیال رہے کہ بلوچستان میں سابق صدر پرویز مشرف کے دور حکومت میں حالات خراب ہوئے تھے۔ اس وقت بلوچستان کی بلوچ آبادی والے متعدد علاقے شورش سے متاثر ہیں ادھروزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے بلوچستان سے بھارتی خفیہ ایجنسی را کے حاضر سروس ایجنٹ کی گرفتاری کو اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے اس کامیاب کاروائی پر سیکورٹی فورسز کی کارکردگی کو سراہا ہے، وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ بلوچستان حکومت کا ہمیشہ سے یہ موقف رہا ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی را بلوچستان کے حالات کی خرابی میں ملوث ہے، جس کے یہاں کے دہشت گردوں کے ساتھ رابطے ہیں اور بھارتی خفیہ ایجنسی ان کے ذریعے پاکستان اور بلوچستان میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتی ہے، وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ را کے ایجنٹ کی گرفتاری سویلین حکومت اور سیکورٹی فورسز کی ایک بڑی کامیابی ہے، ہم نے تہہ کر رکھا ہے کہ صوبے سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ اور ان میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائیگا تاکہ امن و امان کی صورتحال کو 2002کی سطح پر لایا جا سکے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ را کے ایجنٹ کی گرفتاری اور اس سے حاصل شدہ معلومات کو جلد میڈیا کے ذریعے عوام تک پہنچایا جائیگا