پیمرا کی نیوز چینلز کو لاہور‘ اسلام آباد اور کراچی کے واقعات کی کوریج ذمہ دارانہ طور پر کرنے کی ہدایت

پیر 28 مارچ 2016 10:03

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 28مارچ۔2016ء) پاکستان الیکٹرانک میڈیا اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے اتوار کو نیوز چینلز کو لاہور‘ اسلام آباد اور کراچی کے واقعات کی کوریج ذمہ دارانہ طور پر کرنے کی ہدایت کی ہے۔ پیمرا کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ میڈیا سے توقع ہے کہ میڈیا پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کو مد نظر رکھتے ہوئے ان واقعات کی کوریج کرے کیونکہ اس مرحلہ پر کوئی بھی غیر ذمہ دارانہ یا سنسنی خیز رویہ جاری نیشنل ایکشن پلان کیلئے خطرناک ہوسکتا ہے۔

پاکستانی میڈیا کو برسلز حملوں کی کوریج کیلئے بین الاقوامی میڈیا کی پیشہ وارانہ مثال کی پیروی کرنی چاہئے نہ کہ بھارتی میڈیا کی جو کہ کاروباری مقاصد کے تحت کام کرتا ہے۔ پیغام میں کہا گیا ہے کہ ہم توقع کرتے ہیں کہ پاکستانی نجی ٹی وی چینلز ملک اور قوم کے وقار کے عزم کے ساتھ اظہار کریں گے بجائے اس کے کہ وہ سنسنی خیز نشریات ٹرانسمیشن کے ذریعے ریٹنگ کی دوڑ میں شامل ہوں جس کے ذریعے قومی اور بین الاقوامی سامعین کو پاکستان سے متعلق غیر یقینی صورتحال کا پیغام جائے۔

(جاری ہے)

تمام پاکستانیوں کی طرح یہ میڈیا کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ آزمائش کی اس گھڑی میں پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کے ساتھ اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ نیوز کوریج ، فوٹیج دکھانے ، ٹکرز ، بیپرز دینے اور تجزیے دکھانے کیلئے بالغ النظری اور اعلیٰ پیشہ وارانہ مہارتوں کا مظاہرہ کرنا نیوز روم کی سینئر مینجمنٹ اور لائسنس کے حامل افراد کی ایڈیٹوریل ذمہ داری ہے۔

متعلقہ عنوان :