قومی کرکٹ ٹیم کی ناکامیوں کا ذمہ دار وزیراعظم نواز شریف ہیں،عمران خان ، وزیراعظم نے الیکشن میں دھاندلی کرنے والے شخص کو کرکٹ میں دھاندلی کرنے پر لگا دیا،پاکستان میں ٹیلنٹ کے باوجود کرکٹ بطور ادارہ ابھرنے میں ناکام رہا ، کھلاڑیوں میں ثابت قدمی اور تسلسل نہیں ہے، ملک میں 6 علاقائی ٹیمیں بنانی چاہئیں،زیادہ سے زیادہ کرکٹ سٹیڈیم بنانے کی ضرورت ہے،سوشل میڈیا پر بیان

پیر 28 مارچ 2016 10:03

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 28مارچ۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے قومی کرکٹ ٹیم کی ناکامیوں کا وزیراعظم نواز شریف کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم نے الیکشن میں دھاندلی کرنے والے شخص کو کرکٹ میں دھاندلی کرنے پر لگا دیا،پاکستان میں ٹیلنٹ کے باوجود کرکٹ بطور ادارہ ابھرنے میں ناکام رہا ، کھلاڑیوں میں ثابت قدمی اور تسلسل نہیں ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری بیان میں عمران خان کا کہنا تھا کہ غلط تبصرہ اور تجزیے کرکٹ کی ساکھ کو نقصان پہنچا سکتے ہیں، مثبت تجزیے کرکٹ کی صورتحال میں بہتری کا باعث بن سکتے ہیں۔ کرکٹ کی موجودہ صورتحال پر مثبت تجزیے و تبصرے کئے جائیں ، اسے درست کرنے کیلئے درست تجزیے کرنے کی ضرورت ہے ۔ ہمارے کھلاڑیوں میں ٹیلنٹ ہے مگر وہ تکنیک سے نہیں کھیلتے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کرکٹ کو بہتری کیلئے سیاسی مداخلت بند کرنی چاہیے، پی سی بی ادارہ نہیں بن سکا کیونکہ وزیراعظم پی سی بی سربراہ کا تقرر کرتا ہے ۔ وزیراعظم نے الیکشن میں دھاندلی کرنے والوں کو کرکٹ میں دھاندلی کرنے پر لگا دیا انہوں نے کہاکہ ملک میں 6 علاقائی ٹیمیں بنانی چاہئیں زیادہ سے زیادہ کرکٹ سٹیڈیم بنانے کی ضرورت ہے نیوزی لینڈ 45 لاکھ آبادی والا ملک ہے وہ پاکستان سے زیادہ سٹیڈیم رکھتے ہیں۔