وزیراعظم کی زیر صدارت لاہور میں امن و امان کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس،وزیراعلیٰ پنجاب،وزیر داخلہ چوہدری نثار علی،رانا ثناء اللہ،آئی جی پنجاب،ہوم سیکرٹری پنجاب کی شرکت ، وزیراعظم کا جنوبی پنجاب میں آپریشن شروع کرنے کا اعلان،آپریشن کی نگرانی رانا ثناء اللہ کے سپرد ،دہشتگردوں کے خلاف بلا تفریق آپریشن کیا جائے ، آپریشن میں حصہ لینے والے کسی بھی ادارے کی طرف سے کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، دہشت گرد بزدلانہ کارروائیوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے وزیراعظم کا اجلاس میں اظہار خیال،جا ں بحق افراد کیلئے10،10 ،شدید زخمیوں کے لیے 3،3 ،معمولی زخمیوں کیلئے ڈیڑھ ڈیڑھ لاکھ روپے دینے کا بھی اعلان

منگل 29 مارچ 2016 09:54

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 29مارچ۔2016ء) وزیراعظم محمدنواز شریف نے جنوبی پنجاب میں آپریشن شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد بزدلانہ کارروائیوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے ، دہشت گردی کا خاتمہ قومی عزم ہے ، ملک میں قیام امن تک دہشت گردوں کیخلاف جنگ جاری رہے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں اپنی زیر صدارت امن امان کے حوالے سے ہونے والے اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، جبکہ وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے سانحہ لاہورمیں جاں بحق ہونے والے افراد کے لیے 10،10لاکھ،شدید زخمیوں کے لیے 3،3لاکھ جبکہ معمولی زخمی ہونے والے افراد کے لیے ڈیڑھ ڈیڑھ لاکھ روپے دینے کا اعلان بھی کیا گیا ہے، اجلاس میں لاہور سمیت پورے ملک کی سلامتی اور امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا،اس موقع پر وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان ،وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف،صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ،آئی پنجاب مشتاق سکھیرا اور پنجاب کے ہوم سیکٹری اعظم سلیمان بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں آئی پنجاب مشتاق سکھیرا،صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ ،ہوم سیکٹری اعظم سلیمان کی طرف لاہور کے گلشن آباد پارک میں ہونے والے خود کش حملے سے متعلق وزیر اعظم نواز شریف کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ جس کے بعد وزیر اعظم نواز شریف نے جنوبی پنجاب کے بارڈر ایریاز سمیت سندھ اور پنجاب کی سرحد پر دہشتگردوں اور انکے سہولت کاروں کے خلاف بلا تفریق آپریشن کرنے کا حکم دیدیا جس میں سی ٹی ڈی،رینجرز اور حساس ادارے حصہ لیں، وزیر اعظم نے سختی سے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں کے خلاف بلا تفریق آپریشن کیا جائے اور آپریشن میں حصہ لینے والے کسی بھی ادارے کی طرف سے کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی،جبکہ صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ اس آپریشن کی نگرانی کریں گے اور اس آپریشن کے نتیجے میں ہونے والی پیش رفت سے متعلق براہ راست وزیر اعظم کو آگاہ رکھیں گے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا تھا کہ انٹیلی جنس اداروں نے اپنا کام مکمل کر لیا ہے سانحہ لاہور کے کسی بھی سہولت کار کو چھوڑیں گے نہیں،انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کے سہولت کاروں کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی ادارے آن بورڈ ہیں ۔ وزیراعظم نواز شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ دہشت گرد بزدلانہ کارروائیاں کر کے ہمارے عزم کو کمزور نہیں کر سکے ، دہشت گردوں کے خاتمے کا قومی عزم ہے ، دہشت گردی کیخلاف فتح پاکستانی قوم کا مقدر ہے ، ملک بھر سے دہشت گردوں کا صفایا کریں گے ، انہوں نے کہا کہ دہشت گرد بزدلانہ کارروائیاں کر کے ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے آپریشن ضرب عضب آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے ،دہشت گردوں کیخلاف جنگ کو منطقی انجام پر پہنچا کر ملک کو امن کا گہوارہ بنائیں گے ۔