پٹھانکوٹ حملہ، پاکستانی تحقیقاتی ٹیم نے گواہوں کے بیانات ریکارڈ کرلیے ،این آئی اے نے حملہ آوروں کی ڈی این اے رپورٹس سمیت دیگر دستاویزات پاکستانی ٹیم کے حوالے کردیں

جمعہ 1 اپریل 2016 10:12

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 1اپریل۔2016ء) پٹھانکوٹ حملے کی تحقیقات کرنے والے پانچ رکنی پاکستانی تحقیقاتی ٹیم نے حملے کے حوالے گواہوں کے بیانات ریکارڈ کر لئے ،پاکستانی تحقیقاتی ٹیم کو حملہ آوروں کی ڈی این اے رپورٹس سمیت دیگر دستاویزات بھی دی گئی ہیں ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق این آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ پانچ رکنی پاکستانی تحقیقاتی ٹیم جس کی سربراہی ایڈیشنل آئی جی پولیس محکمہ انسداددہشت گردی محمد طاہر کر رہے ہیں نے پٹھانکوٹ حملے کے گواہوں کے بیانات ریکارٹ کر لئے ۔

(جاری ہے)

پاکستانی تحقیقاتی ٹیم نے 16گواہوں سے پوچھ گچھ کی جس میں ایس پی پولیس پنجاب سلوندرسنگھ ،ان کے دوست راجیش ورما اور کک مدن گوپال بھی شامل ہیں ۔ ان تینوں افراد کو پٹھانکوٹ ایئر بیس پر حملے سے قبل ڈرامائی انداز میں دہشت گردوں کی جانب سے اغواکئے جانے کے بعد چھوڑ دیا گیا تھا ۔پاکستانی جے آئی ٹی نے این آئی اے سے 4دہشتگردوں ناصر حسین، ابوبکر ،عمر فاروق اور عبدالقیوم کاشناختی موادہمارے حوالے کرے ۔این آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی انسداد دہشت گردی کی تحقیقاتی ایجنسی دہشتگردوں کی ڈی این اے رپورٹس پاکستانی تحقیقاتی ٹیم کے حوالے کی ہے اور انہیں ان رپورٹس کو دہشت گردوں کے خاندانوں کے افراد سے ملانے کو کہا ہے ۔