شفاف انکوائری نہ کرائی گئی تو دھرنے کی بجائے رائیونڈ کا رخ کریں گے،عمران خان،حکومتی وزراء جمہوری روایات سے واقف نہیں ، وفاقی وزراء سمیت پوری (ن) لیگ نواز شریف اور ان کی فیملی کے دفاع میں لگی ہوئی ہے ،حکومتی کرپشن اور عوام کے اثاثے غلط استعمال کئے جانے کے عمل کو بے نقاب کرنا حزب اختلاف کی ذمہ داری ہے،میڈیا سے گفتگو

جمعہ 8 اپریل 2016 10:14

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 8اپریل۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اگر آف شور کمپنیوں میں نواز شریف فیملی کی سرمایہ کاری عوام کی دولت کو باہر بھیجنے ، ٹیکسوں کی عدم ادائیگی سمیت دیگر امور کی شفاف انکوائری چیف جسٹس کی سربراہی میں نہ کرائی گئی تو پھر ہم سڑکوں پر آئیں گے اور اس بار دھرنے کی بجائے رائیونڈ کا رخ کریں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہاکہ حکومتی وزراء جمہوری روایات سے واقف نہیں دنیا بھر میں جماعتوں نے اپنے وزیر اعظم پر الزامات کے بعد ان کو گھر بھجوا دیا مگر یہاں وفاقی وزراء سمیت پوری (ن) لیگ نواز شریف اور ان کی فیملی کے دفاع میں لگی ہوئی ہے اور پارلیمنٹ میں مجھے اور شوکت خانم ہسپتال کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں اپوزیشن حکومتی کرپشن اور عوام کے اثاثے غلط استعمال کئے جانے کے عمل کو بے نقاب کرتے ہیں یہ حزب اختلاف کی ذمہ داری ہے انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل سطح پر آف شور کمپنیوں میں سرمایہ کاری کے حوالے سے اگر نواز شریف کے بیٹوں یا اہلخانہ کا نام آیا ہے تواس میں تحریک انصاف اور میرا کیا قصور ہے انہوں نے کہاکہ فوری طور پر چیف جسٹس کی سربراہی میں انٹرنیشنل فرانزک فرم سے آڈٹ کرایا جائے نواز شریف اور ان کی حکومت آف شور سکینڈل مں پھنس چکا ہے انہیں قوم کی دولت باہر بجھوانے کا جواب دینا ہو گا عمران خان نے کہا کہ اگر آف شور کمپنیوں کے معاملہ پر شفاف تحقیقات نہ ہوئیں تو تحریک انصاف سڑکوں پر نکلے گی اور اس مرتبہ ڈی چوک میں دھرنے کی بجائے رائیونڈ جائیں گے ۔

متعلقہ عنوان :