کراچی،پاک فضائیہ کےJF-17تھنڈر طیارے نمبر2ملٹی رول سکواڈرن میں باقاعدہ طور پر شامل کر لئے گئے،طیارے شامل کرنے کے تاریخی موقع پر پی اے ایف بیس مسرور میں پروقار تقریب

منگل 12 اپریل 2016 09:37

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 12اپریل۔2016ء)پاک فضائیہ کےJF-17تھنڈر طیارں کونمبر2ملٹی رول سکواڈرن میں باقاعدہ طور پر شامل کر لیاگیا۔ اس تاریخی موقع پر پی اے ایف بیس مسرور میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ وفاقی وزیر دفاع، خواجہ محمد آصف اس تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔پاک فضائیہ کے سربراہ ائیرچیف مارشل سہیل امان بھی اس موقع پرموجود تھے۔

مہمانِ خصوصی نے نمبر2ملٹی رول سکواڈرن کو سکواڈرن کا نشان عطا کیا۔ اس موقع پر JF-17تھنڈر نے فلائی پاسٹ کا شاندار مظاہرہ کیا۔ اس تقریب میں شرکاء کو نمبر 2سکواڈرن کی تاریخ پرمبنی ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔ پاک فضائیہ کے سربراہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان فضائیہ میں JF-17کی شمولیت ایک اہم سنگِ میل ہے اور نمبر 2سکواڈرن نے اپنے آغاز سے ہی شاندار کامیابیاں حاصل کیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے نمبر 2سکواڈرن کے اُن شہداء ، ویٹرنز، اور تمام سابقہ افراد کو خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے غیر معمولی پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کے جوہر دکھائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ JF-17تھنڈرپاک فضائیہ اور پوری قوم کے لئے باعثِ افتخار ہے۔ یہ طیارہ ہماری صلاحیتوں کا ثبوت، ہمارے عزم کا شاہکار اور ہماری خود انحصاری کی ایک بہترین مثال ہے۔

انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاک فضائیہ میں JF-17کی شمولیت ہماری سب سے اولین ترجیح ہے۔نمبر 2سکواڈرن میں JF-17کی شمولیت سے خطے میں دفاع توازن پیداکرنے میں بہت مدد ملے گی۔ نمبر 2سکواڈرن کی ایک اہم ذمہ داری سمندری مواصلاتی نظام اور ساحلی علاقوں کی حفاظت بھی ہے تاکہ وہ پاکستان نیوی کے جارحانہ آپریشنز میں بھر پور مدد فراہم کرسکے ۔ مہمانِ خصوصی نے تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک تاریخی لمحہ ہے کے پاک فضائیہ قائد اعظم کے قول کے مطابق ایک صحیح سمت اور پوری رفتار سے ترقی کر رہی ہے۔

پاک فضائیہ کو تمام فضائی افواج میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ پاک فضائیہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے جاری آپریشن ضربِ عضب میں بھی نمایاں کردارادا کر رہی ہے۔ مجھے یقین ہے کہ پاک فضائیہ ملکی سلامتی کو لاحق کسی بھی خطرے کا سامنا کرنے کے لئے پوری طرح تیار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جدید آلات اور ہتھیاروں کا حصول آسان ہے جبکہ انکی دیکھ بھال اور تحفظ ایک مشکل کام ہے۔

اور پاک فضائیہ میں جدید جہازوں اور ہتھیاروں کی شمولیت اسے 21ویں صدی کی جدید فضائی قوت کی حیثیت کو برقرار رکھنے کے لئے بہت ضروری ہے۔ JF-17تھنڈر طیارے کی پاک فضائیہ میں شمولیت کا آغا ز2007 سے ہوا اور اب تک پاک فضائیہ میں JF-17 کے چار سکواڈرنز خدمات انجام دے رہے ہیں جو کہ ہر طرح کے آپریشن سر انجام دیتے ہیں۔نمبر 2ملٹی رول سکواڈرن میں JF-17تھنڈرز کی شمولیت خود انحصاری اور آپریشن کی صلاحیت کی ترقی کی طرف ایک سنگِ میل کی حیثیت کی حامل ہے۔

نمبر 2سکواڈرن کا آغاز ماڑی پور میں جون 1956میں ہوا جہاں اس نے فائیٹر کنورژن یونٹ کے طور پہ کام شروع کیا۔ 1965اور 71ء کی جنگ میں اس سکواڈرن نے نمایاں کردار ادا کیا جہاں اس کے ذمے پاک آرمی کو کلوز ائیر سپورٹ فراہم کرنا تھا۔اس سکواڈرن کوراشد منہاس (شہید) نشانِ حیدر کا وارث ہونے کامنفرد اعزاز حاصل ہے۔ جنہوں نے ملک کی خاطر اپنی جان قربان کر دی۔

اگست 1990ء میں سکواڈرن چینی ساختہ F7-Pطیاروں سے لیس تھا جب اس کا نام بدل کر نمبر 2 Air Superiorityسکواڈرن رکھ دیا گیا۔ اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بڑھانے کے لئے نمبر 2سکواڈرن مختلف مشقیں کرتا رہا ہے جن میں پاکستان نیوی کے ساتھ سی سپارک مشقیں اور امریکی بحریہ کے ساتھ انسپائرڈ الرٹ مشقیں شامل ہیں۔ نمبر 2ملٹی رول سکواڈرن کو اب F7Pطیاروں کی جگہ پر JF-17تھنڈر طیاروں سے لیس کر دیا گیاہے۔

متعلقہ عنوان :