گوادر کو ہانگ کانگ ماڈل پر فری پورٹ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ،کامران مائیکل،اس ضمن میں فنانس ڈویژن گوادر پورٹ کے قواعد کا جلد اعلان کرے گی،وفاقی وزیر

جمعہ 15 اپریل 2016 13:22

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 15اپریل۔2016ء)وفاقی وزیر برائے پورٹس اینڈ شپنگ کامران مائیکل نے کہا ہے کہ گوادر کو ہانگ کانگ ماڈل پر فری پورٹ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس ضمن میں فنانس ڈویژن گوادر پورٹ کے قواعد کا جلد اعلان کرے گی۔گزشتہ روز ایف پی سی سی آئی میں تاجروں و صنعتکاروں سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کامران مائیکل کا کہنا تھا کہ گوادر میں ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں اور چین کی جانب سے جلد ہی گوادر میں بڑی سرمایہ کاری کا اعلان بھی متوقع ہے ،حکومت نے گوادر کو فری پورٹ بنانے کا فیصلہ کیا ہے تا کہ اس پورٹ کو درآمدی اور برآمدی اشیاء کی بڑے پیمانے پر نقل و حمل کیلئے استعمال کیا جاسکے۔

وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ گوادر میں اسپیشل اکنامک زون کے قیام کیلئے 2281ایکڑ زمین مختص کی گئی ہے جس میں سے اب تک637ایکڑ زمین اسپیشل اکنامک زون بنانے والی چینی کمپنی کے حوالے کردی گئی ہے جبکہ گوادر میں مقامی سرمایہ کاروں کیلئے جلد ہی ایک انویسٹرز کانفرنس کے انعقاد کی تیاریاں کی جارہی ہیں جس سے گوادر کیلئے سرمایہ کاری کے حصول میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

کامران مائیکل نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پورٹ قاسم کو ریونیو جنریشن سینٹر بنانے کیلئے پر عزم ہیں ،پورٹ قاسم کی آمدنی جو کہ کچھ عرصہ قبل 80تا90ملین روپے تک تھی وہ آج بڑھ کرڈھائی ارب روپے تک پہنچ گئی ہے ،گوادر میں ڈیپ سی پورٹ کی تکمیل کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ڈیپ سی پورٹ پر کام کرنے والی کمپنی نے تحریری طور پر ضمانت دی ہے کہ رواں برس جولائی تک ڈیپ سی پورٹ کی تعمیر مکمل ہوجائیگی،اس وقت تک ڈیپ سی پورٹ پر تین برتھوں کی تعمیر کا کام مکمل ہوچکا ہے جبکہ باقی ماندہ کام بھی تیزی سے جاری ہے۔

کراچی سے ایران تک فیری سروس کے حوالے سے کامران مائیکل کا کہنا تھا کہ اس ضمن میں ایرانی حکام سے بات چیت کا عمل جاری ہے اور جلد ہی اس حوالے سے بریک تھرو کے امکانات ہیں۔