نواز شریف ،آصف زرداری کی ملاقات ہوگی یا نہیں،فیصلہ لندن میں ہوگا،رحمن ملک ،دونوں رہنما علاج کی غر ض سے لندن میں موجود ہیں،عمران خان کس مقصد کیلئے لندن میں ہیں انکو بتانا چاہیے تھا،لندن کا موسم ٹھنڈا ہے ،مولانا کو آنے کا مشورہ دیتا ہوں، پی پی رہنما کی ائیر پورٹ پر گفتگو

اتوار 17 اپریل 2016 11:21

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔17اپریل۔2016ء) سینیٹر رحمن ملک نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری اور وزیر اعظم نواز شریف اس وقت لندن میں علاج کیلئے گئے ہوئے ہیں ،چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے لندن روانگی کی وجوہات نہیں بتائیں کہ وہ کس مقصد کیلئے گئے ہیں،لندن کا موسم ٹھنڈا ہے مولانا فضل الرحمن کو مشورہ دیتا ہوں کہ لندن آجائیں ،پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر رحمن ملک پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے پانامہ لیکس پر مشاورت کے لئے لندن روانہ ہوگئے ۔

بینظیر انٹرنیشنل ائرپورٹ پر روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رحمن ملک نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے لندن بلایا ہے ان کے بلاوے پر لندن جارہا ہوں جہاں پر ان سے پانامہ لیکس پر تبادلہ خیال سمیت ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور پارٹی امور سے متعلق اہم امور زیر غور آئینگے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری علاج کی غرض سے لندن میں مقیم ہیں اور ان دنوں وزیراعظم نواز شریف بھی بیماری کے باعث علاج کیلئے لندن گئے ہوئے ہیں نواز شریف سے لندن ملاقات اور عیادت کا فیصلہ آصف علی زرداری نے کرنا ہے نواز شریف سے آصف زرداری کی ملاقات ہوگی یا نہیں لندن جا کر فیصلہ کیا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان بھی لندن میں ہیں عمران خان نے نہیں بتایا کہ وہ لندن کیوں آئیں ہیں ؟ صحافی نے سوال کیا کہ مولانا فضل الرحمن بھی بیرون ملک گئے ہیں اس پر رحمن ملک نے مسکراتے ہوئے کہا کہ مولانا صاحب بھی لندن آجائیں تمام سیاستدان لندن جارہے ہیں کیونکہ لندن کا موسم ٹھنڈا ہے