آزاد کشمیر کے الیکشن میں بھرپور طریقے سے انتخابی مہم چلاؤں گا ،عمران خان،ہم آزاد کشمیر سے لوٹ مار کے خاتمے کی بات کرتے ہیں اسی طرح ہم سب کو مساوی حقوق دینے کی بھی کوشش کریں گے، نواز شریف برطانیہ میں ہے اور وہ ڈیوڈ کیمرون کی منتیں کررہا ہے کہ وہ استعفی نہ دیں،لندن میں ڈنر سے خطاب

اتوار 17 اپریل 2016 11:24

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔17اپریل۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے الیکشن میں بھرپور طریقے سے انتخابی مہم چلاؤں گا جہاں ہم آزاد کشمیر سے لوٹ مار کے خاتمے کی بات کرتے ہیں اسی طرح ہم سب کو مساوی حقوق دینے کی بھی کوشش کریں گے۔ حکومت پاکستان پانامہ لیکس کا جواب دینے کی بجائے الٹے مجھ پر الزام تراشیاں کررہی ہے کہ میں نے بھی گھپلا کیا ہے وہ یاد رکھیں کہ جب ہماری حکومت آئے گی تو جو بھی کرپشن میں ملوث پایا گیا ہم اسکے خلاف کاروائی کریں گے۔

وزیر اعظم پاکستان نواز شریف برطانیہ میں ہے اور وہ ڈیوڈ کیمرون کی منتیں کررہا ہے کہ وہ استعفیٰ نہ دیں۔کیونکہ آئس لینڈ کے وزیر اعظم اور اسپین کے ایک وزیر کے استعفیٰ دینے کے بعد نواز شریف اب پریشر بڑھ رہا ہے کہ وہ مستعفی ہوجائے۔

(جاری ہے)

اگر نواز شریف اور زرداری پانامہ لیکس اسکینڈل کو ہضم کرگئے تو پاکستان میں پھر کبھی صحیح نظام نہیں آسکے گا اور پاکستان کو نقصان پہنچے گا۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے پی ٹی آئی کشمیر کے صدر وآزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے آج یہاں لندن میں پی ٹی آئی کشمیر کے ایک ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر جہانگیر ترین نے کہا کہ پی ٹی آئی آزاد کشمیر میں الیکشن جیتنے جارہی ہے اور اب عوامی طاقت سے اقتدار میں آنے سے پی ٹی آئی کو کوئی نہیں روک سکتا۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری ذہین آدمی ہیں جنہوں نے مہینوں میں اپنا ضمنی الیکشن جیتا۔

عمران خان نے مزید کہا کہ میں نے یہاں مختلف کمپنیوں سے بات کی ہے اور 17 اپریل کے برمنگھم کے جلسے میں ہم آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔تاکہ پانامہ پیپرز کے اصل حقائق سامنے آسکیں۔ کیونکہ پاکستان میں ن لیگ کی حکومت کے ہوتے ہوئے غیرجانبدارانہ اور صحیح تحقیقات نہیں ہو سکتیں۔یہ کونسا طریقہ ہے کہ ڈیوڈ کیمرون تو اپنی پارلیمنٹ میں آکر جس حد تک حقائق تھے جواب دیا لیکن نواز شریف اپنے چیلوں کے ذریعے جواب دیتے ہیں جو کہ انتہائی نامناسب طریقہ ہے۔اس موقع پر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ عوام عمران خان کا اس کرپشن اور لوٹ مار کو ختم کرنے میں ساتھ دیں اور آزاد کشمیر کے انتخابات میں ان لٹیروں کا ڈٹ کر محاسبہ کریں اور پی ٹی آئی کشمیر کو کامیابی سے ہمکنار کریں۔