کرپشن کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکے بغیرملک میں دائمی امن نہیں آسکتا ہے،آرمی چیف،ملکی ترقی‘ سالمیت اور یکجہتی کیلئے بلا امتیاز احتساب ضروری ہے، دہشت گردی ‘ انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں عوام کی بھرپور حمایت حاصل ہے،ل راحیل شریف کا سگنل رجمنٹل سینٹر کوہاٹ کے دورہ کے موقع پر جوانوں سے خطاب

بدھ 20 اپریل 2016 09:44

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔20اپریل۔2016ء) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ ملکی ترقی‘ سالمیت اور یکجہتی کیلئے بلا امتیاز احتساب ضروری ہے۔ کرپشن کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے تک ملک میں مکمل استحکام نہیں آسکتا ہے، دہشت گردی و انتہا پسندی کے خلاف جنگ قوم کے تعاون سے لڑ رہے ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ترجمان کے مطابق آرمی چیف نے منگل کے روز سگنل رجمنٹل سینٹر کوہاٹ کا دورہ کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ سگنل کور کے افسروں اور جوانوں نے آپریشن ضرب عضب میں بہترین کردار ادا کیا ہے۔ آرمی چیف نے کہا کہ کرپشن کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکے بغیرملک میں دائمی امن نہیں آسکتا ہے پاکستان کی ترقی کیلئے بلا امتیاز سب کا احتساب ضروری ہے،پاک فوج اس سلسلے میں مکمل تعاون کریگی ۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی ‘ انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں عوام کی بھرپور حمایت حاصل ہے۔ جنگ کے بعد دیرپا استحکام کا حصول بدعنوانی ختم کیے بغیر ممکن نہیں ہے۔ بیان کے مطابق آرمی چیف نے میجر جنرل سہیل احمد کو کرنل کمانڈنٹ کور آف سگنل کے بیجز لگائے اور سینٹر میں یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

متعلقہ عنوان :