چھوٹو گینگ کے لیڈر نے 12 افراد سمیت پاک فوج کے سامنے ہتھیار ڈال دیئے،ہتھیار ڈالنے والے ہماری تحویل میں ہیں، 24 مغوی پولیس اہلکار بھی بازیاب کرالیے، ملک میں تمام نو گو ایریازختم کریں گے،آپریشن بغیر کسی نقصان کے کامیابی سے ختم آرمی چیف نے کامیاب آپریشن کی مبارکباد دی،ڈی جی آئی ایس پی آر

جمعرات 21 اپریل 2016 10:02

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔21اپریل۔2016ء) ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ چھوٹو گینگ کے لیڈر نے 12 افراد سمیت پاک فوج کے سامنے غیر مشروط طور پر ہتھیار ڈال دیئے ہیں ہتھیار ڈالنے والے ہماری تحویل میں ہیں۔ 24 مغوی پولیس اہلکار بھی بازیاب کرالیے گئے ہیں ملک میں تمام نو گو ایریا زختم کریں گے۔ میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپریشن بغیر کسی نقصان کے کامیابی سے ختم ہوگیا ہے۔

(جاری ہے)

آرمی چیف نے کامیاب آپریشن کی مبارکباد دی ہے اس میں حصہ لینے والے جوانوں اور پولیس اہلکاروں کو شاباش دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹو گینگ کے ارکان کے اہل خانہ کا مکمل خیال رکھا جا رہا ہے اہل خانہ میں 24 خواتین 44 بچے اور چار بزرگ شامل ہیں۔ تمام مغویوں کو بھی بحفاظت بازیاب کرلیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹو گینگ کے تمام ٹھکانے صاف کریں گے ٹھکانوں کو صاف کرنے تک آپریشن جاری رہے گا ۔ زیر تحویل چھوٹو گینگ کے افراد سے تفتیش کی جائے گی چھوٹو گینگ کا لیڈر غلام رسول تحویل میں ہے ڈاکوؤں کو زندہ اور مردہ ہر صورت میں پکڑنا ہے۔ یہ بڑا مشکل جزیرہ تھا یہ دریا کے اندر گھنا جنگل تھا اس علاقے میں دلدل بھی تھی بڑے بڑے بینکر بنے ہوئے تھے۔