افغانستان سے پاک فوج کی چیک پوسٹ پر شیلنگ، میجرسمیت دو اہلکا ر زخمی، زخمیوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور منتقل کر دیا گیا ،سیکورٹی فورسز کی بھر پور جوابی کاروائی سے حملہ پسپا، 5 حملہ آور ہلاک ،متعدد زخمی ، بارودی سرنگ دھماکے میں ایک سکیورٹی اہلکار جاں بحق دوسرا زخمی ہوگیا

پیر 25 اپریل 2016 09:35

غلنئی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25اپریل۔2016ء) افغانستان سے مہمند ایجنسی میں پاک فوج کی چیک پوسٹ پر فائر کیے گئے مارٹر گولوں سے ایک میجر اور حولدار زخمی ہو گئے۔سرحد پار سے مہمند ایجنسی میں بازائی تحصیل میں چوکی کو نشانہ بنایا گیا۔ذرائع کے مطابق مارٹر گولوں سے زیارت چیک پوسٹ کو ساڑھے 4 بجے کے قریب نشانہ بنایا گیا۔مارٹر گولوں کے حملوں میں زخمی ہونے والوں میں میجر فرخ اور حوالدار عمران خان شا مل ہیں ، ذرائع نے بتایا کہ زخمیوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور منتقل کیاگیا۔

خیال رہے کہ اس سے ایک روز قبل مہمند ایجنسی میں بارودی سرنگ (آئی ای ڈی) کے دھماکے میں بھی ایک اہلکارجا ں بحق ہوا تھا۔پولیٹیکل انتظامیہ نے مقامی مشران اور سیکیورٹی فورسز کے ہمراہ داوازئی کے علاقے پنڈیالی میں مشتبہ عسکریت پسندوں کے 12 گھر اور 10 دکانیں بھی منہدم کیں۔

(جاری ہے)

ادھرمہمند ایجنسی، پاک افغان سرحدی علاقہ خویزئی بائیزئی سب ڈویژن میں افغانستان کی حدود سے پاکستانی پوسٹوں پر دہشت گردوں کے حملے۔

سیکورٹی فورسز کی بھر پور جوابی کاروائی سے حملہ پسپا کردیا گیا، 5 حملہ آور ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ۔ سوران درہ میں بارودی سرنگ دھماکے میں ایک سکیورٹی اہلکار جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا ،ادھر تحصیل امبار میں برساتی نالے سے 2 لاشیں برآمد ہوئی ہیں، مختلف علاقوں میں سیکورٹی فورسز کا سرچ آپریشن جاری۔ مہمند ایجنسی میں سرکاری ذرائع کے مطابق ہفتے اور اتوار ک کی درمیانی رات مہمند ایجنسی بائیزئی سب ڈویژن میں پاک افغان سرحد میں قائم پاکستانی چوکیوں پر رات کی تاریکی میں افغا نستان کی طرف سے دہشت گردوں نے ہلکے اور بھاری ہتھیاروں سے حملہ کر دیا۔

جس پر سیکورٹی فورسز نے فوری جوابی کاروائی شروع کر کے حملہ آوروں پر گولہ باری اور فائرنگ کا سلسلہ شروع کیا جس سے حملہ پسپا کر دیا گیا۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق جوابی کاروائی میں 5 حملہ آور ہلاک کردئیے گئے متعدد زخمی ہو گئے۔ سیکورٹی فورسز کی موثر کاروائی کے نتیجے میں حملہ آور افغانستان کی طرف پسپا ہو گئے۔ دوسری جانب اتوار کے روز بائیزئی سب ڈویژن کے علاقہ سوران درہ میں بارودی سرنگ دھماکے کے نتیجے میں ایک سیکورٹی اہلکار جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہو گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعات کی ذمہ داری کالعدم ٹی ٹی پی جماعت الاحرار نے قبول کر لی ہے۔ علاوہ ازیں تحصیل امبار میں ایک برساتی نالے سے 2 نامعلوم افراد کی لاشیں ملی ہے۔ جنہیں شناخت کیلئے غلنئی منتقل کر دیا گیا ہے۔ جبکہ دویزئی سمیت مختلف علاقوں میں سیکورٹی فورسز کا سرچ آپریشن جاری ہے۔ اور مہمند ایجنسی کے پولیٹیکل انتظامیہ نے ایجنسی بھر میں تا حکم ثانی موٹر سائیکل چلانے پر پابندی لگا دی ہے۔