دہشت گردی کے خاتمے کیلئے افغان حکومت سے ملکر کام کرتے رہیں گے، نواز شریف،بھارتی مداخلت کا معاملہ ہر فوم اٹھایا جائیگا،وزیر اعظم کی زیر صدارت اعلی سطح اجلاس میں فیصلہ،قومی سلامتی کے مشیر ناصر جنجوعہ نے پٹھان کوٹ واقعہ میں پیش رفت پر وزیر اعظم کو بریفنگ دی

منگل 26 اپریل 2016 09:41

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26اپریل۔2016ء)وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان ہر قسم کی دہشتگردی کو لعنت سمجھتا ہے اور اس لعنت کے خاتمے کے لیے افغان حکومت سے مل کر کام کرتے رہیں گے ، حکومت اور افواج پاکستان مل کر دہشتگردی جیسی لعنت کے خلاف جنگ کر رہے ہیں،شمالی وزیرستان میں جار ی آپریشن ضرب عضب نے پاکستان میں موجود دہشتگرد عناصر کی کمر توڑ دی ہے چند گنے چنے دہشتگردوں کا بھی جلد خاتمہ کر دیا جائے گا،پاکستان ہر قسم کی دہشتگردی کی شدید مذمت کرتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم نواز شریف نے گزشتہ روز اپنی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیا،جس میں ملک کی داخلی سلامتی کی صورتحال سمیت کابل میں حالیہ دہشتگردی کے واقعہ کے بعد کی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا،اور اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان میں بھارتی مداخلت کا معاملہ دنیا بھر میں ہر فورم پر اٹھایا جائے گا،اجلاس میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز، مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اعلیٰ سطح اجلاس میں سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری کا مجوزہ دورہ بھارت اور اس کا ایجنڈا زیر بحث آیا،جس میں بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ کے ایجنٹ کلبھوشن یادیو سے ہونے والے تحقیقات کے نتائج سے متعلق وزیر اعظم کو تفصیلی آگاہ کیا گیا،جبکہ مشیر قومی سلامی ناصر جنجوعہ نے وزیر اعظم نواز شریف کو پٹھانکوٹ واقعہ کی تحقیقات میں ہونے والی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی۔