پاک فضائیہ کے سربر ا ہ کی سعودی نائب ولی عہد سے ملاقات

پاکستانی حکومت اور پاکستانی عوام کی جانب سے نیک خواہشات اور تمناوئں کا پیغام پہنچایا

جمعرات 28 اپریل 2016 09:56

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔28اپریل۔2016ء) پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان نے ریاض (سعودی عرب) میں سعودی نائب ولی عہد شہزاد ہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود جو کے سعودی عرب کے وزیر دفاع بھی ہیں سے ملاقات کی ۔ائیر چیف نے انہیں پاکستانی حکومت اور پاکستانی عوام کی جانب سے نیک خواہشات اور تمناوئں کا پیغام پہنچایا۔

انہوں نے خطے میں امن اور ا ستحکام کے لیے سعودی عرب کے کردار کی تعریف کی اورسعودی حکومت کی جانب سے پاکستان کو دی جانے والی غیر متزلزل حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ سعودی نائب ولی عہد شہزاد ہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود نے دونوں ممالک کے مابین دوستانہ تعلقات اور باہمی تعاون کی موجودہ صورت حال پر اطمینان کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے دہشتگردی اور شدت پسندی کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب میں پاک فضائیہ کے کلیدی کردار کی تعریف کی اور ہر طرح کے حالات میں پاکستان کا ساتھ دینے کے عزم کا اعادہ کیا ۔

ائیر چیف نے سعودی عرب کے چیف آف جنرل سٹاف، جنرل عبدالرحمان بن صالح البنیان سے بھی ملاقات کی۔ دونوں شخصیات نے پیشہ وارانہ اور باہمی دلچسپی کے کئی امور پر گفتگو کی۔ائیر چیف نے سعودی عرب کے چیف آف جنرل سٹاف، جنرل عبدالرحمان بن صالح البنیان کو دہشتگردوں کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب میں پاک فضائیہ کے کلیدی کردارسے آگاہ کیا۔ ائیر چیف نے سعودی کیڈٹس / ائیر مین کو اپنی صلاحتیں بڑھانے کیلیے ہر طرح کی تربیتی سہولیات فراہم کرنے کی پیشکش کی۔

ائیر چیف نے دونوں فضائی افواج کے درمیان مثالی تعلقات اور تعاون کو فروغ دینے کی یقین دہانی کروائی۔ سعودی چیف آف جنرل سٹاف نے ائیر چیف کے دورہ کا شکریہ ادا کیا اور دونوں افواج کے درمیان دفاعی میدان میں موجود اشتراک کو مزید بڑھانے میں سعودی عرب کی گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان رائل سعودی فضائیہ کی دعوت پرسعودی عرب کے سرکاری دورہ پر ہیں۔

متعلقہ عنوان :