مسلم لیگ (ن) نے پی ٹی آئی کے جلسوں کو سبوتاژ کرنے کیلئے منصوبہ بندی کرلی

8 مئی کو فیصل آبادجلسے میں بھی بھگدڑ کیلئے مبینہ منصوبہ بندی ہوچکی تھی اس کی ذمہ داری انا ثناء الله نے لی تھی عمران خان نے رپورٹس ملنے پر جلسہ منسو خ اور نئی تاریخ مقرر کردی ،مصدقہ ذرائع

جمعرات 5 مئی 2016 09:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5 مئی۔2016ء) مسلم لیگ (ن) نے تحریک انصاف کے جلسوں کو سبوتاژ کرنے کیلئے منصوبہ بندی کرلی۔ عمران خان کو حساس اداروں کی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے کچھ تشدد پسند راہنماء تحریک انصاف کے جلسوں میں بھگدڑ اور ہلڑ بازی کی منصوبہ بندی کر چکے ہیں۔ 8 مئی کو فیصل آباد میں ہونے والے جلسے میں بھی مسلم لیگ (ن) بھگدڑ کیلئے مبینہ منصوبہ بندی کر چکی تھی۔

مصدقہ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کام کی ذمہ داری صوبائی وزیر قانون رانا ثناء الله نے لی تھی۔

(جاری ہے)

عمران خان کو جب یہ رپورٹس ملیں تو انہوں نے 8 مئی کا جلسہ منسوخ کرکے نئی تاریخ 20 مئی مقرر کردی ہے اور 20 مئی کے جلسہ میں تحریک انصاف اس بات کو یقینی بنانے جارہی ہے کہ خواتین کے ساتھ کسی قسم کی بدسلوکی نہ ہو۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) پنجاب تحریک انصاف کے جلسوں میں بھگدڑ مچا کر سارا الزام عمران خان پر ڈالنے کا منصوبہ رکھتی ہے تاکہ پانامہ لیکس سے توجہ ہٹا کر ایک نئے ایشو کو اوپر لایا جاسکے اور میڈیا پانامہ لیکس کو چھوڑ کر اس چکر میں لگ جائے کہ جلسے میں بھگڈر کس نے کرائی اور ماڈل ٹاؤن کی طرز پر انکوائری کروا کر بے گناہی کا سرٹیفکیٹ بھی لے لیا جائے۔